30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی پریڈ، منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ اجئے کمار مشرا نے سلامی لی
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ اجئے کمار مشرا نے کہا کہ ملک میں امن کی بحالی میں ریاپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) اہم رول ادا کر رہی ہے۔ ملک کی ترقی میں اس فورس کا اہم رول ہے کیونکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ آج حکیم پیٹ میں آر اے ایف کی 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سالانہ پریڈ کی سلامی لینے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔ یوم تاسیس کے موقع پر آر اے ایف نے رنگا رنگ پریڈ کا اہتمام کیا جس میں قیام امن کیلئے آر اے ایف کی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اجئے کمار مشرا نے کہا کہ ساری دنیا کی نظریں ہندوستان کی طرف ہیں اور ترقی کے معاملہ میں ہندوستان کو احترام کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی معلومات اور مذہبی قیادت کے لئے دنیا بھر میں ہندوستان کی منفرد شناخت بن چکی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، حادثات کے موقع پر بچاؤ اقدامات اور ریلیف کے کاموں میں آر اے ایف کی صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ آر اے ایف انسانی خدمت کا بہترین ریکارڈ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے ذریعہ ہر شعبہ میں ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل پولیس فورسس کی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ اجئے کمار مشرا نے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری اور اروناچل پردیش سے گجرات تک جہاں کہیں بھی حادثات یا پھر تشدد کے واقعات پیش آئے، آر اے ایف نے کامیابی کے ساتھ ان پر قابو پایا۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کے علاوہ ہجوم پر قابو پانے میں آر اے ایف کو خاصہ تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر اے ایف کی صلاحیتوں میں حوصلہ اور تحمل اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن و ضبط کی صورتحال کی برقراری میں آر اے ایف آئندہ بھی پوری محنت کے ساتھ کام کرے گا۔ پریڈ میں آر اے ایف کی 8 بٹالین نے حصہ لیا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ بچاؤ اقدامات ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور طبی امداد کی فراہمی کے معاملات میں آر اے ایف کے جوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ 1992 ء سے ابھی تک آر اے ایف کی 15 بٹالین تشکیل دی گئی ہیں۔ ملک کے 15 شہروں میں آر اے ایف کی بٹالین کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ہنگامی حالات میں بحران سے نمٹنے کیلئے آر اے ایف کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل سی آر پی ایف ڈاکٹر ایس لال، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سدرن زون ایس ایس چترویدی ، انسپکٹر جنرل ویویک وید ، مہیش چندرا لڈھا آئی جی پی سدرن سیکٹر اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ جوانوں کے افراد خاندان میں پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ ر