شیخ اکبر کانگریس امیدوار کا انتخابی مہم کے دوران عوام کو تیقن
حیدرآباد۔12۔نومبر(سیاست نیوز) ملک پیٹ میں لینڈ مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کنسٹرکشن مافیا کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت ہوگی بلکہ ہر شخص اپنی مرضی سے جائیداد کی خرید و فروخت کے علاوہ اپنی مرضی کی تعمیرات انجام دے پائے گا۔ کانگریس امیدوارجناب شیخ اکبر حلقہ اسمبلی ملک پیٹ نے ان سے ملاقات کرنے والے نوجوانوں کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی بنیادی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ علاقہ میں جاری مختلف کاروباروں میں اجارہ داری کے خاتمہ کو یقینی بناتے ہوئے آزادانہ کاروبار کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کریں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں بنیادی سہولتوں کے فقدان کی وجہ عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی ہے اور اس کی بنیادی وجہ علاقہ کے عوام میں خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے چنندہ حلقہ جات اسمبلی میں حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کا تذکرہ کیا جاتا ہے جہاں تعلیم یافتہ رائے دہندوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود اس حلقہ کو پسماندہ رکھنے کی کوشش میں حاصل ہونے والی کامیابی کے لئے حلقہ اسمبلی کے تعلیم یافتہ رائے دہندے ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ وہ نوجوان ذمہ دار ہیں جو کہ اپنے معمولی فائدہ کے لئے ایسے افراد کے ہاتھوں کا کھلونا بن رہے ہیں جو 5 برسوں میں ایک مرتبہ عوام کے درمیان پہنچ کر یہ تاثر دیتے ہیں کہ وہ نہ ہوں بھی تو علاقہ کی ترقی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔ جناب شیخ اکبر نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام میں جو تبدیلی کا رجحان پیدا ہوا ہے اس رجحان سے خائف موجودہ رکن اسمبلی بوکھلاہٹ کا شکار ہونے لگے ہیں اور اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ دولت کے ذریعہ رائے دہندوں پر اثر انداز ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ترقیاتی نظریہ کے ساتھ عوام کے درمیان ہیں اور ا ن کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت یا امیدوار سے نہیں ہے بلکہ وہ ان لوگوں سے مقابلہ کے لئے میدان میں ہیں جو حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی میں رکاوٹ اور اس حلقہ کے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہے ہیں ۔ جناب شیخ اکبر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت یقینی طور پر بننے جا رہی ہے اور ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے بیشتر حلقہ جات اسمبلی پر کانگریسکامیاب ہوگی لیکن تمام حلقوں میں سب سے بہترین حلقہ اسمبلی ملک پیٹ ہوگا وہ اس بات کی ضمانت دے رہے ہیں۔