ملک پیٹ کے عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کرنے کا تیقن

   

کانگریس امیدوار شیخ اکبر کا پیدل دورہ، عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) میراسیاست میں قدم رکھنا کوئی ذاتی فائدہ کے لئے نہیں ہے اور نہ ہی میرا حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں کسی سے کوئی مقابلہ ہے بلکہ میں عوام کی لڑائی لڑنے کے لئے جمہوری میدان میں قدم رکھا ہوں اور مجھے عوام ہی کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی ملک پیٹ جناب شیخ اکبر نے آج حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کے علاوہ انہیں ترقی سے ہمکنار کرنے کے لئے میدان سیاست میں قدم رکھنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رکن اسمبلی ملک پیٹ کو جس انداز میں تین معیاد کے دوران جو موقع فراہم کیاگیا ہے اس مدت میں انہوں نے ملک پیٹ کے لئے ایسا کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا بلکہ ملک پیٹ کے علاقہ میں موجود ٹھوک بازاروں کو برخواست کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک پیٹ تجارتی مرکز کے طور پر فروغ حاصل کر رہا تھا اور ملک پیٹ کے مقامی عوام ان بازاروں میں تجارت انجام دیتے ہوئے آمدنی حاصل کر رہے تھے لیکن گذشتہ 15 برسوں کے دوران جس طرح کے حالات پیدا کئے گئے ہیں وہ اس علاقہ کے نوجوانوں کے معاشی مسائل میں اضافہ کا سبب بننے لگے ہیں اور ان کی بے روزگاری میں اضافہ ہونے لگا ہے۔