ملک کی پہلی خانگی ٹرین تیجاس کے خلاف ریلوے یونینوں کا احتجاج

   

نئی دہلی 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ریلوے یونینوں نے آج ملک کی پہلی خانگی ٹرین تیجاس ایکسپریس کے خلاف احتجاج کیا ۔ اس ٹرین کا چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے جھنڈی دکھاکر آغاز کیا تھا ۔ آل انڈیا ریلوے مینس فیڈریشن نے کہا کہ آج کے دن کو یونین کی جانب سے یوم مخالفت کے طور پر منایا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ریلوے بورڈ نے مزید 150 خانگی ٹرینوں کے آغاز کی منظوری دی ہے جس کے خلاف یونینوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ یونینوں نے خانگی ٹرین کے آغاز کو یوم سیاہ قرار دیا ہے اور ملازمین کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی بھی کی گئی ۔ یونینوں نے خانگی ٹرینوں کے آغاز کو ریلویز کو بھی خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی سمت پیشرفت قرار دیا ہے ۔