ملک کے 5 بڑے ائیر پورٹ ’اڈانی گروپ‘ کے حوالے، 50 سال کے لیے ملا ٹھیکہ

,

   

آج ملک کے 5 بڑے ائیر پورٹ کے انتظام و انصرام کی مکمل ذمہ داری ملک کے مشہور صنعت کار گوتم اڈانی کی کمپنی ’اڈانی گروپ‘ کے سپرد کر دی گئی۔ ملک کے چھ ہوائی اڈوں کے لیے لگائی گئی بولیوں میں اڈانی گروپ نے پانچ ائیر پورٹ اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ ائیر پورٹ لکھنؤ، جے پور، احمد آباد، منگلورو اور تریویندرم ہیں۔ چھٹے یعنی گواہاٹی ائیر پورٹ سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں آیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس پر فیصلہ منگل کے روز آ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈانی گروپ کو 50 سال کے لیے ان ائیرپورٹس کے رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اب یہ پوری طرح سے واضح ہو گیا ہے کہ اگلے 50 سال تک ملک کے 5 ائیر پورٹ کا اَپ گریڈ اور آپریٹ اڈانی گروپ کرے گا۔ اڈانی گروپ کا انتخاب ’منتھلی فی پسنجر فیس‘ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق بولی لگانے والوں کے مقابلے میں اڈانی گروپ کی بولیاں بہت جارحانہ تھیں۔ ان 6 ائیر پورٹ کے لیے 10 کمپنیوں کی طرف سے کل 32 تکنیکی بولیاں لگیں۔ اس میں احمد آباد اور جے پور ائیر پورٹ کے لیے 7-7 بولیاں، تو لکھنؤ اور گواہاٹی ائیر پورٹ کے لیے 6-6 اور منگلورو اور تریویندرم ائیر پورٹ کے لیے 3-3 بولیاں لگائی گئیں۔ حالانکہ اس میں گواہاٹی ائیر پورٹ کا فی الحال فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

اب بولی لگانے کے بعد کی سبھی رسمی کارروائیاں پوری ہونے کے بعد یہ ائیر پورٹ اڈانی گروپ کے حوالے کر دیے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مرکز کی مودی حکومت نے ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے ذریعہ چلائے جانے والے 6 ہوائی اڈوں کے مینجمنٹ کے لیے پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے عمل کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ اس نیلامی عمل میں اڈانی گروپ کے علاوہ پی این سی انفرا، کوچین انٹرنیشنل ائیر پورٹ، جی ایم آر، آئی انویسٹمنٹ اور دوسری کچھ کمپنیاں بھی شامل تھیں۔

ان ٹھیکوں کے ساتھ ہی اڈانی گروپ کا ایویشن انڈسٹری میں بھی داخلہ ہو جائے گا۔ اڈانی گروپ گزشتہ طویل مدت سے ائیر پورٹ بزنس میں قدم رکھنے کے لیے ہاتھ پیر مار رہا تھا۔ اس کے لیے گروپ ممبئی ائیر پورٹ میں جی وی کے کی شراکت داری خریدنے کے لیے اس کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔