ملگ میں ماویسٹوں نے ٹی آر ایس لیڈر کا قتل کردیا

   

حیدرآباد۔ ضلع ملگ میں ماویسٹوں نے ٹی آر ایس لیڈر کا قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ماویسٹوں کی ٹولی وینکٹا پورم منڈل میں کل رات ایم بھیمشیور راؤ عرف بیسو کے مکان میں جبراً داخل ہوگئی اور چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ یہ واقعہ متوفی کے ارکان خاندان کے سامنے پیش آیا۔ مقتول کی بیوی کماری نے کہا کہ خود کو ماویسٹ ظاہر کرکے بعض افراد نے یہ وارادت انجام دی ہے۔ ماویسٹوں نے فرار سے قبل ایک چٹھی چھوڑی جس میں بتایا گیا کہ بیسو عوام میں منافرت پھیلارہا تھا اور متوفی جو فرٹیلائزر کی دکان بھی چلاتا تھا کسانوں کا استحصال کرکے دوگنی قیمت وصول کررہا تھا۔ ماویسٹوں نے کہا ہے کہ بیسو بے قصور آدی واسیوں کے خلاف مقدمات کرواکے انہیں ہراساں کررہا تھا۔