ممبئی: مہاراشٹرا کے ساحلی علاقے کونکن اور دارالخلافہ ممبئی اس وقت شدیب راش کی زد میں ہیں۔ گزشتہ شب سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے ممبئی شہر کے کئی علاقے زیر آب ااگئے ہیں جس کی وجہ سے مختلف مواضعات سے سڑک رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اس صورت حال پر وزیراعلی ایکناتھ شنڈے شخصی طور پر نظر رکھے ہوئے ہ یں۔ انہوں نے تمام اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے اور خطرہ سے دوچار علاقوں سے امکانی طور پر متاثر ہونے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ممبئی کے نشیبی علاقے جیسے سائن، وڈالا، کنگز سرکل، بھانڈوپ، پریل، کرلا اور نہرو نگر اس وقت جھیل میں تبدیل ہوچکے ہیں اور پانی کی سطح گھٹنوں تک پہنچ گئی ہے۔ متعدد سب ویز کے زیر آب آنے سے مشرقی اور مغربی زون میں ٹریفک کا بہائو شدید متاثر ہوا ہے جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں اور ان کی رفتار انتہائی سست ہے تاہم حیرت انگیز طور پر ممبئی کی سنٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے علاوہ میٹرو خدمات بہ دستور جاری ہیں۔ ساحلی علاقوں کے علاقے پال گھر، تھانے، رائے گڑھ، رتنا گیری اور سندھو درگ بھی شدید بارش کی لپیٹ میں ہیں۔