ممبئی میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تردید

   

سوشل میڈیا پر بے بنیاد افواہوں کو شیئر نہ کرنے پولیس کی اپیل

ممبئی :شہر ممبئی میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگائے جانے کی تردید کرتے ہوئے محکمہ پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ان خبروں کو محض ایک افواہ قرار دیا اور عوام سے اپیل کی کہ اس بے بنیاد خبر کو سوشل میڈیا یا دوسرے کسی بھی ذریعے سے کسی کو بھی شیئر نہ کریں کیونکہ ایسے پیغامات سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلتا ہے ۔واضح رہے کہ ممبئی میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کے پیش نظر، ممبئی پولیس کے ڈی سی پی آپریشن نے دو روز قبل ممبئی میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت 30 ستمبر تک حکم امتناع نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد ممبئی میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگائے جانے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی اور شہریوں میں بے چینی پیدا ہوئی۔محکمہ پولیس کی جانب سے اس ضمن میں واضح تردید کرکے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، اور ایسی خبروں کو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ 144 کا جو حکمنامہ جاری کیا گیا ہے اس میں غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی عائد کی گئی ہے اس کے ساتھ ہی ایک سے زائد مجمع کے جمع ہونا بھی ممنوعہ ہے ۔ممبئی پولیس کی اسپیشل برانچ, سائبر سیل اور دیگر ذرائع نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے والے اس قسم کے گمراہ کن پیغامات پر نظر رکھنا شروع کردیا ہے ۔ ساتھ ہی وہ اپنے طور پر ایسے پیغامات کو حذف بھی کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود اس قسم کے پیغامات وصول ہو رہے ہیں جو شہریوں کو مضطرب کرنے کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ایڈیشنل کمشنر ایس بی ون سنیل کولہے نے بتایا کہ دفعہ 144 سرکار کی گائڈ لائن کی مناسبت سے ہی جاری کیا گیا ہے ۔