مسلم اکثریتی علاقوں کے ناموں کو دیگر ریاستوں کی طرح زعفرانے کی کوششوں پر مسلم طبقہ میں شدید ناراضگی
ممبئی : ملک میں اترپردیش ،مدھیہ پردیش ،دہلی ،گجرات سے لیکر جنوبی ہند میں کرناٹک ،تلنگانہ میں جس انداز میں پرانے اور خصوصاً مسلم ناموں سے منسوب شہروں،مقامات،اسٹیشنوں اور شاہراہوں کے ناموں کو تبدیل کیا جارہا ہے ،اس سرگرمی سے عروس البلاد ممبئی بھی نہیں بچاہے ،شمال مغربی ممبئی کے ملاڈ کالونی کے مسلم علاقہ میں شہید میسور ٹیپو سلطان کے نام سے منسوب کیے گئے ایک باغ سے اُن کا نام ریاستی وزیر کے حکم پر ہٹا دیا گیا۔ لیکن اس تعلق سے قلیتی فرقے کی ناراضگی اور شکایت کے درمیان خود جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقہ ناگپاڑہ میں ایک مجاہد آزادی،سابق کارپوریٹر اور ماہر تعلیم کے نام سے منسوب شاہراہ کو حال میں خود اقلیتی فرقے کے سیاسی لوگوں نے ایک دوسرے سابق مسلم ایم ایل اے اورسابق گورنر سے منسوب کردیا ہے ۔یعنی اس سڑک پر دومسلمان شخصیات کے نام کی تختیاں نصب نظر آتی ہیں اور میونسپل کارپوریشن کے افسران ریت میں منہ دے کر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا انکشاف ہونے پرمختلف سیاسی پارٹیوں کے کارپوریٹرز اور لیڈران ایک دوسرے کو موردالزام ٹہراتے ہوئے بری الذمہ ہو رہے ہیں۔دراصل مسلم اکثریتی علاقے جے جے اسپتال سے ناگپاڑہ جنکشن حسرت موہانی چوک جانے والی شاہراہ چھ دہائی سے مرحوم عبدالرحیم ڈمٹمکر کے نام سے منسوب تھی۔عبدالرحیم ڈمٹمکر مشہور تعلیمی ادارے انجمن اسلام کی مجلس عاملہ کے رکن ہونے کے ساتھ ساتھ اعلی عہدیدار بھی تھے ،انہوں نے 1931 میں بمبئی میونسپل کارپوریشن انتخاب میں کامیابی حاصل کی اور تقریباً پانچ سال تک کارپوریٹر بھی رہے ۔مشہور سوشل ورکر اور بمبئی امن کمیٹی کے سابق عہدیدار اور مرحوم مولانا ضیاء الدین بخاری کے قریبی عزیز مکی نے کہاکہ ناگپاڑہ اور مدنپورہ میں ان کی متعدد عمارتیں بھی تھیں جن میں میمنی بلڈنگ کمپلیکس عبدالرحیم ڈمٹمکر کی ملکیت تھی۔ ممبئی یونیورسٹی شعبہ اُردو کے صدر ڈاکٹر عبدالستاردلوی نے ممبئی کی مسلم کوکنی شخصیات کے بارے میں لکھے مضامین میں عبدالرحیم ڈمٹمکر کا خصوصی طورپر ذکر کیا ہے اور انہوں نے بتایا کہ عبدالرحیم ڈمٹمکر کی 1932 کارپوریشن میں تجویز پر ہی جنوبی ممبئی میں مسلم علاقے میں واقع سرسڈنہم نامی شاہراہ کا نام کرافورڈ مارکیٹ سے جے جے جنکشن تک کو محمدعلی جوہر کے نام سے منسوب کیا گیا تھااورآزادی کے بعد کرافورڈ مارکیٹ سے فاؤنٹن کی شاہراہ معروف مجاہدآزادی دادا بھائی نوروجی کے نام سے منسوب کی گئی۔