ممتاز عالم دین حافظ و قاری محمد عبداللہ قریشیؒ

   

حافظ شیخ معین الدین آمری
ازہرالعلماء حضرت مولانا حافظ و قاری محمد عبداللہ قریشیؒ ۱۹۳۵ء میں ایک سادات خانوادہ میں پیدا ہوئے ۔ ۱۹۵۰ ء میں مرکز علم و عرفان جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں تحصیل علم کے بعد شہرۂ آفاق دانشگاہ جامعہ ازہر مصر قاہرہ میں آٹھ سال اکتساب علم و فن کیا ۔ آپ ۳۲ سال تک دکن کی عظیم الشان تاریخی مکہ مسجد کے منبر سے اعلائے کلمۃ الحق اور تبلیغ اسلام کا فریضہ انجام دیتے رہے ، آپ کی دعوت حکیمانہ اسلوب پر مشتمل ہوتی تھی ۔ عربی زبان کی لطافتوں سے معمور آپ کا خطبہ سامعین کے دلوں میں رقت انگیزی پیدا کرتا تھا ۔ آپ کے والد ماجد حافظ و قاری محمد عبدالرحیم قریشی قرآن و صاحب قرآن کے نہایت عاشق اور محب اہل بیت و اولیاء اﷲ تھے ، آپ جید حافظ قرآن اور تجوید کے فن پر گہرا عبور اور کامل دسترس کے حامل تھے ۔حضرت مصباح القراء کی ابتدائی تعلیم آپ کے والد محترم کے پاس ہوئی ، مدرسہ حفاظ شاہی واقع مکہ مسجد میں کلام الٰہی کے تیس پاروں کے حفظ کی سعادت حاصل ہوئی ۔ آپ کو قرآن پاک سے بیحد محبت تھی ، آپ کی زندگی پڑھنے اور پڑھانے میں گذری ۔ آپ حضور پیرانِ پیرؒ کے عاشق صادق تھے۔ آپ اپنے شاگردوں سے بڑی محبت سے پیش آتے تھے ، آخری حد تک آپ قرآن مجید کی خدمت کو انجام دیتے رہے ، آپ سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ کی روشن مشکوٰۃ مفسر قرآن حضرت معزالدین قادری ملتانی ؓمعزؔ کے خلیفہ خاص اور مکرم جاہ دارالتجوید والقراءت کے بانی تھے ۔