مندروں، تیرتھ استھلوں کے علاقوں میں مسلمانوں کیدکانیں بند کی جائیں: وی ایچ پی

   

بریلی: وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے ہندو مندروں اورتیرتھ استھلوں (درشن کے مقامات) کے علاقوں میں مسلمانوں کی دکانیں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وی ایچ پی جنرل سکریٹری بجرنگ باگڑا نے دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بہت سی جگہوں سے اطلاع ملی ہے کہ وہاں کے لوگ جو بھارت ماتا کی جئے یا وندے ماترم بھی نہیں کہہ سکتے اور بت پرستی کیخلاف ہیں، وہ غلط ناموں کا استعمال کر کے ہندو دیوی دیوتاؤں کے ناموں سے یا ہندو عقائد گاہوں کے نام سے ہمارے دھرم استھلوں پر پرساد اور پوجا کے سامان بیچ رہے ہیں۔ ملک بھر میں ایسے بہت سے واقعات منظر عام پر آچکے ہیں، جہاں سبزیاں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا پر تھوک کر ناپاک کیا جاتا ہے اور پھر ہندوؤں کو فروخت کیا جاتا ہے، جس سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔باگڑا نے کہا کہ ملک میں کئی مقامات پر مسلم فرقہ کے لوگ بھگوان کے بھوگ، شرنگھار اور نذرانے سے متعلق بہت سی اشیاء کو ناپاک کرکے فروخت کر رہے ہیں جو کہ ہندو عقیدے کے ساتھ کھلواڑ ہے، جسے فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔