مندر کے سامنے گوشت کا ٹکڑا کتے نے پھینکا ، پولیس کا انکشاف

   

حیدرآباد 13 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے علاقہ مانصاحب ٹینک میں ایک مندر کے سامنے 12 اکٹوبر کی رات گوشت کا ٹکڑا ملا جس سے پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلاتے ہوئے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا مشاہدہ کیا جس پر پتہ چلا کہ مندر کے قریب واقع کچرے دان سے ایک کتا اپنے منہ میں کچھ کھانے کی چیزیں لے جارہا تھا کہ اتفاقی طور پر اس کے منہ سے گوشت کا ٹکڑا مندر کے سامنے سڑک پر گر گیا جس کو چند شرپسندوں نے موقع پاکر اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔ پولیس کی بروقت کارروائی نے شرپسندوں کے حوصلے پست کردیئے اور سٹی پولیس نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جارہی افواہوں پر یقین نہ کریں اور انھیں انتباہ دیا کہ اگر کوئی شخص سوشل میڈیا پر افواہ پھیلاتے ہوئے شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کرے گا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شرپسند عناصر ہر وقت پرامن فضاء کو بگاڑنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور خاص کر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔