منشیات کے خلاف کریم نگر پولیس کی بڑی کارروائی

   

9 ملزمین گرفتار، 6.50 لاکھ مالیتی گانجہ ڈرگس وغیرہ ضبط

کریم نگر۔ 28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر رورل پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 نوجوانوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے حش آئل، گانجہ، ڈرگ ٹیبلیٹس، سرنجیں اور منشیات کے استعمال میں آنے والے آلات ضبط کیے۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی سرکاری تخمینی مالیت تقریباً 6.50 لاکھ روپے ہے۔پولیس کمشنر غوث عالم اور رورل اے سی پی اے. وجے کمار کی ہدایات پر رورل انسپکٹر اے. نرنجن ریڈی کی نگرانی میں ایس آئی لکشما ریڈی اور پولیس عملہ نے بومّکل میں نیچر کیور ہاسپٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ حالت میں موجود 9 نوجوانوں کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کریم نگر، منچریال، جگتیال اور سِرِسیلّا علاقوں سے ہے اور ان کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ گرفتار افراد میں بعض بی ٹیک، ڈگری اور ہوٹل مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان بھی شامل ہیں۔تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر حش آئل اور گانجہ خرید کر کریم نگر شہر اور اطراف کے علاقوں میں فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق وہ آندھرا پردیش کے الّوری سیتارام راجو ضلع کے سرحدی پہاڑی علاقوں سے منشیات خرید کر ریل کے ذریعہ کریم نگر لاتے تھے۔کارروائی کے دوران تقریباً 500 گرام؍ملی لیٹر حش آئل، 500 گرام گانجہ، 60 ڈرگ ٹیبلیٹس، 14 سرنجیں، منشیات کے استعمال کے آلات اور 8 موبائل فونز ضبط کیے گئے۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان ایک میڈیکل شاپ سے ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر ڈرگ ٹیبلیٹس حاصل کرکے ان کا مبینہ طور پر غیر قانونی استعمال کرتے تھے۔ اس معاملے میں میڈیکل شاپ کے منتظم کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف NDPS Act، Drugs Act اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ضبط شدہ اشیاء کو سائنسی جانچ کے لیے FSL بھیجا جا رہا ہے۔پولیس کمشنر غوث عالم اور رورل اے سی پی وجے کمار نے کامیاب کارروائی پر انسپکٹر نرنجن ریڈی، ایس آئی لکشما ریڈی اور پولیس عملہ کو مبارکباد دی۔ پولیس نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں اور منشیات کی خرید و فروخت یا سپلائی کے بارے میں اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔