منوگوڑ میں انتخابی مہم کا اختتام، جمعرات کو رائے دہی کی تیاریاں مکمل

   

چیف الیکٹورل آفیسر کا دورہ منوگوڑ، رقومات کی تقسیم کو روکنے خصوصی ٹیمیں اور 100 چیکنگ پوائنٹس کا قیام
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم آج شام اختتام کو پہنچی۔ اگرچہ جملہ 47 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں لیکن اصل مقابلہ ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے۔ سہ رُخی کانٹے کی ٹکر کے نتیجہ میں آج انتخابی مہم کا آخری دن کافی ہنگامہ خیزاور مصروف رہا۔ تینوں پارٹیوں کے اہم قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لے کر روڈ شو اور عوامی جلسوں میں حصہ لیتے ہوئے ووٹرس کو اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے کہا کہ انتخابی مہم ختم ہوچکی ہے اور کسی بھی امیدوار کے حق میں ایس ایم ایس و سوشیل میڈیا پر مہم نہیں چلائی جاسکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق سختی سے نافذ کیا جائیگا اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 3 نومبر کو پولنگ کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وکاس راج نے آج دوسری مرتبہ منوگوڑ کا دورہ کیا اور پولنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ شام 6 بجے کے بعد سوشیل میڈیا جیسے فیس بک، ٹوئٹر، انسٹا گرام اور دیگر ڈیجیٹل چینلس پر انتخابی مہم کی اجازت نہیں رہے گی۔ ایس ایم ایس اور فون کے ذریعہ ریکارڈ پیامات پر پابندی رہیگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں اسٹرائیکنگ فورس، کوئیک ریسپانس فورس، سیکٹر ٹیمیں اور پولنگ اسٹیشن کی سیکوریٹی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز افراد کو حلقہ میں قیام کی اجازت نہیں رہیگی اور وہ آج شام 6 بجے تک منوگوڑ چھوڑ دیں صرف ووٹرس و مقامی افراد کو قیام کی اجازت رہیگی ۔ انہوں نے کہا کہ 45 پولیس ٹیمیں اور 37 ریوینیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ بیرونی افراد کے داخلہ کو روکا جاسکے۔ یہ ٹیمیں رات میں مواضعات کا دورہ کرکے رقم و دیگر اشیاء کی تقسیم کا جائزہ لیں گی اور غیر مجاز افراد کی موجودگی کا پتہ چلایا جائیگا۔ وکاس راج نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے ای وی ایم مشینوں کے ڈسٹری بیوشن سنٹر کا معائنہ کیا جہاں سے ایک دن قبل مشینیں پولنگ اسٹیشنوں کو روانہ کی جائیں گی۔ منوگوڑ میں 298 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں اور رائے دہی کا وقت صبح 7 تا شام 6 بجے ہے۔ 1492 پولنگ اسٹاف کی خدمات لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور معذورین کیلئے وہیل چیر کا انتظام رہے گا۔ حلقہ میں ووٹرس کی جملہ تعداد 241855 ہے جن میں مرد 121720 اور خواتین 120128 ہیں۔ وکاس راج نے پولنگ اسٹیشنوں پر سیکوریٹی انتظامات کیلئے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی بے قاعدگیوں سے نمٹنے خصوصی ٹیموں کے علاوہ تقریباً 100 چیکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ ر