ریونت ریڈی ، اتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کی شرکت، کانگریس امیدوار کی کامیابی کا یقین
حیدرآباد ۔14 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار ٹی شراونتی نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ اس موقع پر بھاری ریالی منظم کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں چنڈور منڈل میں ریالی کا اہتمام کیا گیا جو مختلف علاقوں سے گزر کر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچی۔ اس موقع پر سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی ، کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، مدھو یاشکی گوڑ ، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی ، رکن اسمبلی جی سیتکا اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے منوگوڑ سے شراونتی کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی چناؤ علاقہ کی ترقی کیلئے نہیں بلکہ راج گوپال ریڈی کے شخصی مفادات کی تکمیل کیلئے ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سے اہم عہدے حاصل کرنے کے بعد بی جے پی میں شمولیت عوامی فیصلے سے دھوکہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی منتخب کرایا لیکن بی جے پی سے مفادات کی تکمیل اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس قائدین ووٹ حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ رائے دہندوں کو بھاری رقومات کے ذریعہ خریدنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ منوگوڑ کے رائے دہندے کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں اور راج گوپال ریڈی کو سبق سکھائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس امیدوار کی کامیابی علاقہ میں ترقی کا باعث بنے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ملی بھگت کو بے نقاب کریں۔ منوگوڑ کے انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد کانگریس کی آج سب سے بڑی ریالی تھی۔ر