منوگوڑ کی انتخابی دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک

   


ٹی آر ایس اور بی جے پی کے خلاف کارروائی ضروری، کمیشن کو کانگریس کا مکتوب
حیدرآباد ۔11 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں الیکشن کمیشن انتخابی دھاندلیوں کو روکنے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے کہا کہ قومی میڈیا پر منوگوڑ میں دولت اور شراب کی تقسیم کی رپورٹس ثبوت کے طور پر پیش کی گئیں لیکن الیکشن کمیشن نے اپنے طورپر کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل آوری الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے لیکن ٹی آر ایس اور بی جے پی کی دھاندلیوں پر کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ کانگریس کی جانب سے الیکشن کمیشن اور منوگوڑ میں تعینات کئے گئے مبصرین سے شکایت کے بعد بھی کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ کانگریس قائد نے کہا کہ رقومات کی تقسیم کے ذریعہ لمحہ آخر میں رائے دہندوں کو لبھانے کی کوششیں کی گئیں۔ کانگریس کی جانب سے منوگوڑ کی دھاندلیوں کی تفصیلات پر مشتمل مکتوب الیکشن کمیشن کو روانہ کیا گیا ہے ۔ نرنجن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فوری حرکت میں آتے ہوئے خاموشی اختیار کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ر