حلقہ کی ترقی کی ذمہ داری قبول کرنے کا تیقن ، ٹی آر ایس کے امیدوار کا ادخال پرچہ نامزدگی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنایا گیا تو وہ اس حلقہ کو گود لے لیں گے اور ترقی کی ساری ذمہ داری ان کی ہوگی ۔ آج ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی نے ضمنی انتخاب کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ منظم کی گئی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ نیتی ایوگ نے ضلع نلگنڈہ میں فلورسیز کے خاتمہ کے لیے تلنگانہ کو 19 ہزار کروڑ روپئے فراہم کرنے کی سفارش کی تھی اور بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت نے اس کو نظر انداز کردیا ۔ تاہم اسمبلی سے مستعفی ہونے اور بی جے پی میں شامل ہونے والے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو انعام کے طور پر 18 ہزار کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کا ضمنی انتخاب ایک کنٹراکٹر کے گھمنڈ و تکبر اور مقامی عوام کے عزت و نفس کے درمیان مقابلہ ہے ۔ اب بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اسی حلقہ سے 4 سال تک کانگریس کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں تاہم انہوں نے حلقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی انہیں ضمنی انتخاب میں کامیاب بنایا گیا تو دوبارہ کوئی کام کریں گے ۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بی جے پی کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں بلکہ اس حلقہ کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے لیے ٹی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے جو کام چار سال میں نہیں ہوئے وہ آئندہ ایک سال میں کر کے دکھائیں گے ۔ وہ اس کی ضمانت دیتے ہیں ۔ عوام سے وعدہ کرتے ہیں اس حلقہ کی ترقی کی وہ ذمہ داری قبول کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے حلقوں میں جو ترقی ہورہی ہے اس طرح کی ترقی منوگوڑ میں کر کے دکھائیں گے ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے مسائل سے واقف ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کے ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کی ملک کی دیگر ریاستیں اور خود مرکزی حکومت تقلید کررہی ہے ۔ کسانوں کو مفت برقی ، ریتو بندھو ، ریتو بیمہ اسکیمات سے فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ فلورائیڈ کے مسئلہ کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا ہے ۔ ریاست کے عوام کسی نہ کسی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کررہے ہیں ۔ منوگوڑ کی ترقی کے لیے ٹی آر ایس کو کامیاب بنائے اور اپنے مستقبل کو روشن بنائے ۔۔ ن