چیف الیکٹورل آفیسر کو مرکزی وزیر کشن ریڈی اور رکن اسمبلی راجندر کا فون کال
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ میں کامیابی کا خواب دیکھنے والی بی جے پی کو چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن پر شبہات ہونے لگے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی کارکردگی مرکزی حکومت کے تحت ہوتی ہے اور ہر ریاست میں چیف الیکٹورل آفیسر الیکشن کمیشن کے نمائندہ کا کام کرتے ہیں۔ منوگوڑ کی رائے شماری کے آغاز کے بعد جب ابتداء سے ہی ٹی آر ایس کو برتری حاصل ہوگئی تو بی جے پی قائدین بے چین ہوگئے۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کو فون کرکے نتائج کے اعلان میں تاخیر پر سوال اٹھائے۔ کشن ریڈی نے وکاس راج سے کہا کہ ہر راؤنڈ کے نتیجہ کے اعلان میں تاخیر کے سبب کمیشن کی کارکردگی پر شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے وکاس راج سے کہا کہ ہر راؤنڈ کا نتیجہ فوری جاری کردیا جائے تاکہ عوام کو حقائق معلوم ہوں۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی کے فون کے فوری بعد چیف الیکٹورل آفیسر نے سرکاری ویب سائیٹ پر چار راؤنڈز کے نتائج اپ لوڈ کردیئے۔ مرکزی وزیر کا چیف الیکٹورل آفیسر کو فون کرنا باعث حیرت ہے۔ اسی دوران رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے بھی وکاس راج کو ٹیلی فون کرتے ہوئے رائے شماری میں شامل عہدیداروں کے رویہ پر شبہات کا اظہار کیا۔ راجندر نے کہا کہ عہدیدار جان بوجھ کر ہر راؤنڈ کا نتیجہ جاری کرنے میں تاخیر کررہے ہیں۔ راجندر نے وکاس راج سے مطالبہ کیا کہ رائے شماری کے عمل میں شفافیت پیدا کی جائے۔ بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے بھی چیف الیکٹورل آفیسر اور دیگر عہدیداروں کے رویہ پر نکتہ چینی کی اور شبہ ظاہر کیا کہ حقیقی نتائج کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔ر