منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی

   


بی جے پی کی تمام سازشوں کو عوام نے مسترد کردیا، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی

حیدرآباد ۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہاکہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں رائے دہندوں نے بی جے پی کو سبق سکھاتے ہوئے ٹی آر ایس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی تمام سازشیں ناکام ہوگئی۔ آئی ٹی، ای ڈی اور تمام دستوری اداروں کا بیجا استعمال کرنے کے باوجود عوام نے ٹی آر ایس کو پسند کیا ہے۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے عوام نے تلنگانہ کی ترقی ملک کی جمہوریت کے استحکام کیلئے ٹی آر ایس پر بھروسہ جتایا ہے۔ تلنگانہ کی ترقی میں مرکزی حکومت نے کوئی تعاون نہیں کیا بلکہ ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے سازش تیار کی گئی جس کو ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی نے دلیری سے بے نقاب کیا ہے۔ بی جے پی ایک طرف فرقہ پرستی پھیلا رہی ہے، دوسری طرف جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے منصوبہ پر کام کررہی ہے۔ ارکان اسمبلی خریدی کے معاملے میں بی جے پی پوری طرح پھنس چکی ہے۔ بی جے پی قائدین کی ہنگامہ آرائی ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے۔ جو لوگ پکڑے گئے ہیں وہ نقلی ہونے کا بی جے پی دعویٰ کررہی ہے۔ اصل کون ہے۔ بی جے پی ہی بتائے۔ اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھنس جانے کے بعد بی جے پی سارے واقعہ سے اپنے آپ کو الگ کرنے کیلئے جو تدابیر اختیار کررہی ہے وہ الٹی ثابت ہورہی ہے۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی نے بی جے پی سے استفسار کیا کہ جو لوگ پکڑے گئے ہیں وہ فرضی ہیں تو نندکمار کی شریک حیات کیس کیوں دائر کی ہے۔ اس پر وضاحت کریں۔ن