منو گوڑ ضمنی انتخاب: بڑی تعداد میں امیدواروں کے پرچہ نامزدگی داخل

   


17اکتوبر نامزدگی سے دستبرداری کی تاریخ‘3نومبر کو ووٹنگ‘ ووٹرس میں جوش وخروش
حیدرآباد۔15 اکتوبر (یواین آئی) تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑو کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں بڑی تعداد میں پرچہ نامزدگیاں داخل کی گئی ہیں۔اس ماہ کی 7 سے 14 تاریخ تک پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی سہولت دی گئی تھی۔گذشتہ روز آخری دن 85 امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں اس طرح جملہ 142 پرچہ نامزدگیاں داخل کیں۔ پرچہ نامزدگیاں کل رات دیر گئے تک بھی قبول کی گئیں۔پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا وقت سہ پہر 3 بجے تھا تاہم ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے تمام کو ٹوکنس دیئے گئے اور ٹوکنس دینے والوں کے ہی پرچہ نامزدگیاں رات دیر گئے تک قبول کی گئیں۔ جمعہ کو 74 افراد نے پرچہ نامزدگیوں کے 112 سیٹ جمع کرائے ۔ عہدیدار کی جانب سے ہفتہ کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ ہوگی۔17اکتوبر پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کی تاریخ ہوگی ۔3نومبر کو الیکشن ہوگا جس کیلئے مقامی عوام میں زبردست جوش وخروش دیکھا جارہا ہے ۔تین اہم جماعتوں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹر اسمیتی‘ کانگریس اور بی جے پی کے امیدواروں کے علاوہ آزاد امیدواروں نے بھی بڑی تعداد میں پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں ۔کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے مستعفی ہونے سے اس حلقہ میں الیکشن ضروری ہوگیا ہے ۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کانگریس سے استعفیٰ دیکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
راجگوپال ریڈی نے بی جے پی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔حلقہ میں سہ رخی مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے پربھا کر ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے جن کو 2018کے انتخابات میں کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔پربھاکر ریڈی 2014میں اس حلقہ سے منتخب ہوئے تھے۔کانگریس نے اس مرتبہ پلوی سراونتی کو اپنا امیدوار بنایا ہے ۔