واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم ہند نریندر مودی سے انسانی حقوق کے حوالے سے سوال پوچھنے پر مسلمان خاتون صحافی کو ’آن لائن ہراسانی‘ کا نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق وال اسٹریٹ جنرل سے وابستہ صحافی صابرینہ صدیقی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نریندر مودی سے ’انڈیا میں جمہوریت‘ سے متعلق سوال پوچھا تھا۔ وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کے اعلیٰ افسر جان کربی سے جب صحافی کو ہراساں کیے جانے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’وائٹ ہاؤس اس معاملے سے باخبر ہے کہ خاتون کو ہراساں کیا گیا۔‘صابرینہ صدیقی کا کہنا ہے جب جب سے انہوں نے نریندر مودی سے سوال پوچھا انڈیا کے اندر سے لوگ انہیں انٹرنیٹ پر شدید تنقید اور ہراسیت کا نشانہ بنا رہے ہیں اور مسلمان ہونے کی وجہ سے بھی ہدف بنایا جا رہا ہے۔