مودی کے 8 سالہ دور حکومت میں فسادات اور کرپشن کا خاتمہ

   

مہنگائی کم کرنے ٹیکس میں کمی،مرکزی وزیر کشن ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔/29 مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کے 8 سال کی تکمیل کے موقع پر مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے سے قبل ملک میں کرپشن، اسکامس اور اقرباء پروری عروج پر تھی۔ مودی کے آٹھ سالہ دور حکومت میں ملک کو ایک مستحکم اور بہتر حکمرانی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے سے قبل فرقہ وارانہ فسادات، بم دھماکے معمول بن چکے تھے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں بند اور راستہ روکو پروگرام ہوا کرتے تھے۔ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد ان سرگرمیوں میں کمی واقع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے مہنگائی کم کرنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے مرکزی ٹیکسیس کی حصہ داری میں 42 فیصد تک اضافہ کیا گیا جبکہ سابق میں صرف 30 فیصد حصہ داری ریاستوں کو دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں ملک نے کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ عالمی سطح پر یوگا کو منوانے کا کام نریندر مودی حکومت نے کیا اور 192 ممالک میں انٹر نیشنل یوگا ڈے منایا گیا۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے ویکسین کی تیاری ہندوستان کا کارنامہ ہے اور عوام کو ویکسین مفت فراہم کی گئی ہے۔ر