بیشتر ذخائر آب کی سطح میں اضافہ، نشیبی علاقوں کے عوام کی محفوظ مقامات کو منتقلی
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گزشتہ چند دنوں سے موسلادھار بارش کے نتیجہ میں دریاؤں کی سطح آب میں اضافہ ہوا اور نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گچی باؤلی ، قطب اللہ پور ، شیر لنگم پلی ، آر سی پورم ، کاپرا ، ملکاجگری اور حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں اوسط اور موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ محبوب نگر اور وقار آباد میں کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا جس کے نتیجہ میں مکینوں کو محفوظ مقامات منتقل کرنا پڑا۔ محبوب نگر میں چہارشنبہ اور جمعرات کو موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ وزیر سیاحت سرینواس گوڑ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو خانگی فنکشن ہال میں منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ نشیبی علاقوں سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے لئے غذا اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ وزیر سیاحت نے بتایا کہ نالوں کی توسیع کے لئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے اور یہ کام جلد مکمل ہوگا۔ رنگا ریڈی ، محبوب نگر ، کھمم اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی علاقوں میں برقی سربراہی متاثر ہوئی ۔ رنگا ریڈی کے امنگل میں 122.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ حیدرآباد کے ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ آبگیر علاقوں میں گزشتہ دو دن سے موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ر