مولانا عبدالعلیم اصلاحی اور مولانا رحیم الدین انصاری کو امیر جماعت اسلامی کا خراج

   

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں نے مولانا عبدالعلیم اصلاحی اور مولانا رحیم الدین انصاری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی بیان میں مولانا حامد محمد خاں نے کہا کہ حیدرآباد کی دو معتبر اور معزز و معروف دینی و ملی شخصیات ایک ہی دن میں اس دار فانی سے کوچ کرگئیں۔ دونوں شخصیات گذشتہ طویل عرصہ سے علالت کا شکار تھیں باوجود اس کے ان کا جذبہ اور ملت کے درد قابل قدر رہا۔ آخر دم تک انہوں نے ملت اسلامیہ کی علمی و فطری رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملت کیلئے ان کی خدمات بے لوث تھیں اسی وجہ سے یہ شخصیات ہمیشہ عوام میں مقبول رہیں۔ امیر حلقہ نے کہا کہ مولانا عبدالعلیم اصلاحی نے گزشتہ چار دہوں سے ملت اسلامیہ کی دختران کی دینی و اخلاقی تعلیم کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ بے باک، حق گو اور باعمل عالم دین تھے اور ہمیشہ دین کی سربلندی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ اللہ تعالیٰ حیدرآباد کو ان حضرات کا نعم البدل عطاء فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ر