مولانا محمد رحیم الدین انصاری کی تدفین،نماز جنازہ میں معزز شخصیتوں کی شرکت

   

حیدرآباد۔28۔ستمبر(سیاست نیوز) مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدر یونائیٹڈ مسلم فورم تلنگانہ و آندھراپردیش و ناظم اعلیٰ و مہتمم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآبادکے جسد خاکی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں حسامیہ چمن مادننا پیٹ میں سپر لحد کردیا گیا۔ مولانا رحیم الدین انصاری کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر احاطہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں شہر حیدرآباد کی نمائندہ شخصیتوں کے علاوہ ریاست کے بیشتراضلاع کے ذمہ داران مدارس موجود تھے۔مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سیکریٹری کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ و سیکریٹری فقہ اکیڈیمی ‘ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ‘مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ‘ مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی صدر مفتی جامعہ نظامیہ ‘مفتی جمال الرحمن صدر مفتی دارالعلوم حیدرآباد‘ مولانا صادق محی الدین فہیم ‘ مفتی غیاث الدین رحمانی ‘ مفتی عبدالوہاب‘ مولانا میر قطب الدین علی چشتی‘مولانا محمد نعیم حسامی ‘ مفتی یونس‘ جناب حامد محمد خان‘ جناب ضیاء الدین نیر‘مولانا عرفان اللہ شاہ نوری‘ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری‘ بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر مجلس اتحاد المسلمین ‘ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ جناب اسحق امتیاز صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ‘جناب سید احمد پاشاہ قادری‘ جناب منیر الدین مختار‘ڈاکٹر نظام الدین ‘ جناب ضیاء الدین انجنیئر‘جناب خلیق الرحمن‘ جناب زاہد یوسف کے علاوہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ مولانا رحیم الدین انصاری کی نماز جنازہ ان کے فرزند ارجمند مولانا مفتی عظیم الدین انصاری نے پڑھائی ‘ قبل ازیں مولانا جمال الرحمن قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ رب العزت نے مولانا رحیم الدین انصاری سے جو کام لیا ہے اس کی مثال جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کی عظیم درخشاں عمارت اور وہ علمائے اکرام ہیں جو یہاں کے فارغ ہیں اور دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مولانا محمد رحیم الدین انصاری کو 13 مرتبہ غسل کعبہ میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔قبل ازیں ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی کے علاوہ سابق ریاستی وزیر جناب محمد علی شبیر نے مرحوم کے مکان واقع پنجہ شاہ پہنچ کر مرحوم کے ورثاء سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی ۔م