ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر جسٹس سدھانشو دھولیا کی سماعت
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) فلم اسٹار موہن بابو کو صحافیوں پر حملہ کے معاملہ میں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ سپریم کورٹ نے عدالت کے آئندہ احکامات تک کوئی سخت قدم نہ اُٹھانے تلنگانہ پولیس کو ہدایت دی ہے۔ جل پلی میں واقع فارم ہاؤز میں صحافیوں پر حملہ کے واقعہ میں پولیس نے موہن بابو کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہائیکورٹ میں مسترد کئے جانے کے بعد موہن بابو سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے 23 ڈسمبر کو موہن بابو کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف موہن بابو سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اور ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ درخواست کی سماعت کی تکمیل تک موہن بابو کو گرفتار نہ کیا جائے۔ جسٹس سدھانشو دھولیا کی زیرقیادت بنچ نے موہن بابو کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے۔ موہن بابو کو گرفتاری سے بچنے کے لئے سپریم کورٹ سے عبوری راحت حاصل ہوئی ہے جبکہ اُنھیں اِس بات کا اندیشہ تھا کہ پولیس گرفتاری عمل میں لاسکتی ہے۔ خاندانی تنازعہ کی رپورٹنگ کے لئے پہونچنے والے صحافیوں پر موہن بابو نے حملہ کردیا تھا اور ایک صحافی زخمی ہوگئے تھے۔ موہن بابو کا اُن کے فرزندان سے خاندانی تنازعہ اخبارات اور سوشل میڈیا میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ 1