مہاراشٹرا حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کا بی جے پی پر الزام: نواب ملک

   

ممبئی : شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے ڈرگس معاملہ میں گرفتاری کے بعد سے دو نام ایسے ہیں جو سب سے زیادہ خبروں میں رہے ہیں اور وہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں جس میں ایک ہیں مہاراشٹرا حکومت میں وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما نواب ملک اور دوسرے ہیں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے۔ نواب ملک اپنی بے باک رائے رکھنے کے لئے مشہور ہیں۔ممبئی کی فلم انڈسٹری میں منشیات کی خبریں اور گرفتاریوں کو لے کر نواب ملک کا صاف کہنا ہے کہ یہ سب مہاراشٹرا کی مخلوط حکومت کو بی جے پی کے ذریعہ غیر مستحکم کرنے اور اقتدار سے بے دخل کرنے کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن جب تک اس اتحاد میں شامل تین پارٹیوں میں سے ایک الگ نہیں ہوتی تب تک اس اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں، یہ اتحاد لمبے وقت تک چلنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے، جب سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے تب سے یہ کوشش ہو رہی کہ کسی طرح یہ حکومت گر جائے۔ اس حوالے سے انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی معاملہ میں بہار میں ایف آئی آر دائر کرنے کا بھی ذکر کیا۔