مہا پنچایت جا نے والی بس کو حادثہ، 3 خاتون کسانوں کی موت

   

برنالا : پنجاب کے برنالا ضلع میں ہفتہ کو ایک دردناک بس حادثہ پیش آیا۔ اس واقعہ میں 3 خاتون کسانوں کی موت ہو گئی جبکہ کئی کسان زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ خواتین بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) ایکتا اْگرہن سے منسلک تھیں اور ہریانہ کے ٹوہنا میں ہونے والی کسان پنچایت میں حصہ لینے کے لیے جا رہی تھیں۔ حادثہ کے وقت خواتین اور دیگر کارکنان بس سے سفر کر رہے تھے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واضح ہو کہ یہ کسان مہا پنچایت بھارتیہ کسان یونین (ایس کے ایم) کے ذریعہ منعقد کی جا رہی ہے۔ حادثہ کے وقت بس میں کتنے کسان موجود تھے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی صحیح اعداد و شمار سامنے نہیں آئے ہیں۔ فی الحال پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کام میں پوری مستعدی سے لگی ہوئی ہے۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔