مہدی پٹنم اسکائی واک کو مئی تک مکمل کرنے کا منصوبہ

   

حیدرآباد 17 جنوری : ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تعمیر کیا جارہا 390 میٹر طویل اسکائی واک کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس میں جملہ 11 ایلیویٹرس ہیں ۔ یہ اسکائی واک ایک طرف ڈیفنس کی اراضی کے ساتھ پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے سے ملا ہوا ہے اور دوسری طرف کمرشیل عمارتوں سے ۔ پیدل راہگیروں کیلئے سہولت بخش یہ اسکائی واک 32.97 کروڑ روپئے مصارف سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اس پراجکٹ کو مئی 2023 تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ڈیفنس کمپاونڈ وال کی طرف فاونڈیشن ڈالنے کے کام جاری ہیں ۔ سینئیر عہدیدار نے کہا کہ آصف نگر روڈ پر ایم ایس کالمس کے ساتھ تمام 13 فاونڈیشن اور رعیتو بازار روڈ پر ایم ایس کالمس کے ساتھ 12 فاونڈیشن اور ڈیکس کی تیاری کے کام مکمل ہوگئے ہیں ۔ اس پراجکٹ کے مکمل ہونے پر مہدی پٹنم اسکائی واک سے اس مصروف مقام پر پیدل راہگیروں کی حفاظت میں اضافہ ہوگا ۔ 390 میٹر اسکائی واک میں مہدی پٹنم بس ڈپو تا ڈیفنس باونڈری اسکائی واک کی لمبائی 50 میٹرس ہے اور مہدی پٹنم تا رعیتو بازار اور آصف نگر پولیس اسٹیشن انٹرمیڈیٹ ٹینل واک کی لمبائی 160 میٹر ہے ۔ اسی طرح مہدی پٹنم تا ملے پلی روڈ اسکائی واک کی لمبائی 180 میٹر ہے ۔ اس اسکائی واک کی چوڑائی تقریبا چار تا پانچ میٹر اور بلندی 6.15 میٹر ہے ۔۔