میڑچل میں 50 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کا سنگ بنیاد، ایمس میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا کشن ریڈی کو مشورہ دیا
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے میڑچل میں 50 بستروں پر مشتمل ایم سی ایچ ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا اور مہورت کے ساتھ ہونے والی ڈیلوریز یعنی زچگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کو زچہ اور بچہ دونوں کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔ اس موقع پر وزیر لیبر ملاریڈی بھی موجود تھے، بعد ازاں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ میڑچل تیزی سے توسیع پارہا ہے۔ عوامی ضرورت کو ملحوظ رکھتے ہوئے 50 بیڈس پر مشتمل ایم سی ایچ ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے جس میں 8 ڈاکٹرس، 16 اسٹاف نرس کے علاوہ 50 طبی عملہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس ہاسپٹل کی تعمیر پر 7.5 کروڑ روپے کے مصارف ہوں گے۔ آئندہ 8 ماہ میں تعمیرات مکمل کی جائیں گی۔ وزیر صحت نے کہا کہ خانگی ہاسپٹلس میں ایک ڈیلوری پر 30 تا 50 ہزار روپے کے اخراجات ہیں جبکہ سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز مفت کی جارہی ہیں اور ساتھ ہی کے سی آر کٹ کے تحت 13 ہزار روپے کی مالی امداد دی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے مہورت کے ساتھ ڈیلوریز کے رجحان میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں زچہ اور بچہ کے لئے خطرہ کا باعث ہوسکتا ہے۔ آپریشن کے لئے ڈاکٹرس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ جس سے ماں اور بچہ کی صحت متاثر ہوگی۔ امریکہ جیسے ممالک میں صرف 20 تا 30 فیصد ڈیلوریز آپریشن کے ذریعہ ہوتے ہیں جبکہ یہاں 70 تا 80 فیصد ڈیلوریز آپریشن سے ہو رہی ہیں۔ بچے کی پیدائش کے پہلے گھنٹے میں ماں کا دودھ بچہ کے لئے نعمت ثابت ہوتا ہے۔ اس کو ترجیح دینے اور وقت پر تمام ٹیکے لگانے پر انہوں نے زور دیا۔ ہریش راؤ نے مرکزی وزیر سیاست جی کشن ریڈی کو ایمس ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی دکھانے کا مشورہ دیا ہے۔ ایمس میں چار سال کے دوران ایک ڈیلوری نہ ہونے، آپریشن تھیٹر نہ ہونے، بلڈ بینک نہ ہونے، میڈیکل طلبہ کو کوئی سہولت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ان سہولتوں کو فراہم کرنے پر زور دیا۔ ن