غسل خانوں کی تعمیر اور مفت گاڑیوں کی فراہمی ، صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں کا بیان
حیدرآباد۔21۔ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ایسے قبرستانوں اور مساجد میں میت کے غسل کے لئے غسل خانہ کی تعمیر کا انتظام کرنے اور اضلاع کو میتوں کی منتقلی کے لئے مفت سہولتوں کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔میت کے غسل کے لئے ان قبرستانوں اور مساجد میں انتظامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جہاں وافر جگہ موجود ہو۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ مسلمانوں کی تجہیز و تکفین کے امور کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے اور آئے دن موصول ہونے والی شکایات بالخصوص اپارٹمنٹس میں میت کے غسل کا انتظام نہ ہونے کے سبب پیدا ہونے والے مسائل کو نظر میں رکھتے ہوئے سب سے پہلے غسل میت کے لئے انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ان مساجد اور قبرستانوں میں میت کے غسل کے انتظامات کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جہاں مصلیوں اور تدفین کے لئے کوئی مسئلہ نہ ہو۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ تلنگانہ وقف بورڈ کو مسلسل اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ اپارٹمنٹس میں میت کے غسل کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور میت کے لواحقین کو مسلسل مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کورونا وائرس کے دوران پیدا شدہ صورتحال اور اس کے بعد شہر کے بعض مساجد میں غسل میت کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وقف بورڈ کی جانب سے ایسے قبرستانوں میں جہاں غسل میت کے انتظام کے بعد تدفین میں کوئی مسئلہ نہ پیدا ہوتا ہو اور ایسی مساجد میں جہاں غسل میت کے انتظامات کی صورت میں مصلیوں کو کوئی مسائل نہ ہوں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے وقف بورڈ کی جانب سے انتظامات کئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ابتداء میں مسلم غالب آبادی والے اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد کے بعض علاقوں میں تجرباتی طور پر ان انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اگر غسل میت کے انتظامات سے لوگ استفادہ کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع کو میتوں کی منتقلی کے مفت انتظامات کے سلسلہ میں بھی ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے غور کیا جا رہاہے تاکہ غریب مسلم میتوں کی منتقلی میں ہونے والے مسائل کو حل کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ اس سلسلہ میں سنجیدہ اور عملی اقدامات کے لئے جلد ہی قطعی فیصلہ کرے گا۔ م