میدک کی ترقی کیلئے فنڈس کی منظوری کا مطالبہ

   

رکن اسمبلی ڈاکٹر روہت کی چیف منسٹر سے ملاقات اور تخمینی رپورٹ پیش
میدک 31 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی میدک میں ترقیاتی کاموں کے ایک نئے ویژن کے ساتھ انجام دہی کے منصوبہ مقصد کے تحت رکن اسمبلی میدک ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے میدک ٹاؤن اور دیگر شامل منڈلس میں ڈیولپمنٹ سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ حوالہ کی جس پر چیف منسٹر نے تقریباً نصف گھنٹہ بات چیت کرتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ مسٹر روہت راؤ نے اپنے ایک پریس نوٹ میں اس امر کا اظہار کیا۔ رکن اسمبلی نے پیش کردہ تفصیلی رپورٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ میدک ٹاؤن کی اہم شاہراہ کے تمام ایکس ویز کو ایک خوبصورت ماڈل انداز میں تعمیر کے ساتھ سڑک کی ترقی، میدک ٹاؤن سے سدی پیٹ کو منتقل کردہ ڈسٹرکٹ سطح کا ڈرگس اینڈ کیمسٹری آفس کو دوبارہ میدک ٹاؤن منتقلی کا مطالبہ کیا۔ اس طرح میدک میں ٹریفک کنٹرول کے لئے ٹریفک پولیس اسٹیشن کی منظوری اور حویلی گھن پور، نظام پیٹ، پاپنا پیٹ میں جدید پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کی تعمیر کے لئے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ اس طرح رکن اسمبلی مائنم نے میدک کے نواح میں واقع تلنگانہ کی مشہور مندر ایروپاٹل دیواستھانم کی ترقی، میدک کے منی ٹینک بینڈ کے ادھوری تعمیرات کو مکمل کرنے، میدک ۔ توپران ۔ حیدرآباد شاہراہ پر موجود میدک کے مضافاتی علاقہ کو مشہور تالاب پوچارم وائلو لائف سینکچرس کی ترقی کے لئے فنڈس منظور کرنے اور میدک میں قائم پوسٹ گریجویٹ کالج کو جو برخاست کیا گیا تھا وہ دوبارہ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے میدک ٹاؤن کے چلڈرنس پارک کی ترقی اور اس سے متصل لب سڑک اراضی پر شاپنگ کامپلکس کی تعمیرات کا بھی مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں میدک میں موجود ایشیاء کی سب سے بڑی کرسچن عبادت گاہ چرچ آف ساؤتھ انڈیا کی ترقی، میدک کے تاریخی قلعہ کی ترقی، میدک میں انٹیگریٹیڈ ویج اینڈ نان ویج مارکٹ کی عاجلانہ تعمیر کے لئے رقمی منظوری اور میدک ٹاؤن میں بندروں کی بہتات کا بھی ذکر کرتے ہوئے ٹاؤن سے بندروں کی منتقلی کے لئے اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ٹاؤن کے درمیان میں موجود ملّم تالاب کو خوبصورت بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے ٹاؤن کی سڑکوں کی کشادگی، تمام سڑکوں کو بی ٹی اور سی سی میں تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔