میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ کی ایک مسجد میں گھس کر ایک نوجوان نے امام مسجد کو گولی مار دی۔ گولی مارنے کے بعد ملزم نوجوان پستول پھینک کر فرار ہوگیا۔ یہ واردات اتوار 6 اکٹوبر کی صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آئی، جس سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مرلی پورہ گاؤں کے رہنے والے امام مولانا نعیم لیسٹری گیٹ کی شہزاد کالونی میں واقع قاسمی مسجد کے امام ہیں اور گزشتہ 8 سالوں سے اسی مسجد میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔مقامی رہائشی معذور نوجوان سرتاج ہفتہ کی رات اپنے علاج کیلئے امام مسجد کے پاس آیا تھا۔ سرتاج نے بتایاکہ اس کی یادداشت کمزور ہے اور کچھ بھی یاد نہیں رہتا ہے۔ اس پر امام مسجد نے ڈاکٹر سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔ نوجوان باربار اصرار کرتا رہا اور امام مسجد اس نوجوان کو سمجھانے کے بعداس کے علاج سے معذرت کرلی۔ کچھ دیر بعد نوجوان غصہ کی حالت میں وہاں سے چلایا گیا۔اتوار کی صبح نماز فجر کے بعد مولانا نعیم مسجد میں ہی بچوں کو آن لائین کلاس لے رہے تھے تب ہی حملہ آور نوجوان سرتاج اچانک مسجد میں داخل ہوا اور امام مسجد نعیم پر دو راؤنڈ فائرنگ کردی۔ ایک گولی امام مسجد کے سر (کنپٹی) پر لگی۔ ملزم سرتاج گولی مارنے کے بعد پستول پھینک کر مقام واردات سے فرار ہوگیا۔ گولی کی آواز سن کر مقامی لوگ جمع ہوگئے اور امام مسجد کو تشویشناک حالت میں مقامی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا اور پولیس کو اطلاع دی۔