مکانات میں چھت، پیٹیو اور صحن موجود ہوتے ہیں اور مکین اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق انھیں مختلف مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔لیکن یہ تمام آسائشیں مکانوں میں رہنے والے افراد کو ہی میسر آتی ہیں، اس کے بر عکس اپارٹمنٹس میں رہنے والوں کیلئے ’’بالکونی‘‘ ہی آوٹ ڈور ایریا ہوتا ہے۔عام طور پر بالکونی اپارٹمنٹس کے بیرونی حصے میں موجود ایک چھوٹی سی جگہ ہوتی ہے جو بیک وقت مختلف فوائد کا باعث بنتی ہے۔ ایک مصروفیت بھرا دن گزارنے کے بعد کھلی فضا میں سانس لینے یا پھر شام کی چائے پیتے ہوئے باہر کے خوبصورت اور پْرتکلف مناظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے بالکونی سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہوتی۔لیکن فائدہ تب ہی ہوتا ہے جب بالکونی چند خاص اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی جائے۔ آیئے آج کے اس مضمون میں ان اصولوں کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
آب و ہوا کے لحاظ بالکونی کے فوائد : کسی بھی ملک کی آب و ہوا کے اعتبار سے بالکونی کا استعمال بھی مختلف ہو سکتا ہے۔سرد آب و ہوا والے علاقوں مثلاً شمال، مشرقی امریکا، یورپ، کینیڈا جبکہ ہندوستان اور مرطوب علاقے میں بالکونی سے مختلف فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔چنانچہ بالکونی کا ڈیزائن، سائز حتیٰ کہ افعال بھی آب و ہوا کے لحاظ سے الگ ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر گرم آب و ہوا والے علاقوں میں یہ کمروں کو حرارت سے محفوظ رکھتے ہوئے ٹھنڈا ر کھنے کا باعث بنتی ہے (لیکن اس بات کا انحصار بالکونی کی سمت پر ہے ) ۔ مشرق کی سمت تعمیر کی جانے والی بالکونی میں سردیوں کی صبح کافی خوشگوار محسوس ہوتی ہے جبکہ مغرب یا شمال کی سمت تعمیر کروائی گئی بالکونی موسم گرما کے دوران شام سے قبل آرام دہ نہیں ہوتی، اس کے علاوہ بارش یا مانسون کے دوران بھی ان بالکونیز میں پانی آ جانے کا امکان ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کافی احتیاط برتنی پڑتی ہے۔ ایسی صورت میں ان بالکونیز میں نکاسی آب کا بہتر انتظام ہونا ضروری ہے، بصورت دیگر پانی بالکونی سے کمرے کے اندر بھی داخل ہو سکتا ہے ۔یہ آپ پر منحصر ہے کہ بالکونی کیلئے دستیاب جگہ پر غور کرتے ہوئے اسے کس طرح ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں۔ڈیزائننگ کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ بالکونی مکان کا حصہ ہی نظر آئے نہ کہ علیحدہ سے کوئی جگہ۔بالکونی ایک ایسی جگہ ہے جہاں آپ اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ مل کر باربی کیو پارٹیز یا چائے کافی کا اہتمام کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں کوئی آوٹ ڈور ایریا نہیں ہے تو آپ بالکونی کے سائز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس جگہ کو استعمال میں لا سکتے ہیں لیکن یہاں بھی بالکونی کی ڈیزائننگ مکان کے سائز کے لحاظ سے مختلف ہو گی۔
یہاں مواد کونسا استعمال کیا جائے؟ : گھر کے بیرونی حصوں میں موسم کے نقصان دہ اثرات پڑنے کا خدشہ سب سے زیادہ ہوتا ہے۔ بالکونی کیلئے عموماً شیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے، لیکن اگر سائبان اسے مکمل طور پر نہیں ڈھکتا تو دھوپ یا بارش اس پر اثر انداز ہو گی۔لہٰذا بالکونی ڈیزائننگ کے دوران ایسے مواد کا انتخاب کریں جو پانی اور دھوپ کا مقابلہ کر سکے۔چھت کی تعمیر میں پولیمر کا استعمال اسے فنگس وغیرہ سے بچاتا ہے۔فرش پر پکی ٹائلیں لگا کر بھی مصیبت سے بچا جا سکتا ہے۔ اگر فرش کے انداز کی بات کی جائے تو آجکل بالکونی کے فرش کیلئے لکڑی کا استعمال بھی خاصا مقبول ہو رہا ہے۔
آوٹ ڈور فرنیچر : بالکونی ڈیزائننگ کے دوران وہاں عمدہ قسم کا آوٹ ڈور فرنیچر بھی رکھا جا سکتا ہے تا کہ موسم سے لطف اندوز ہونے، مطالعہ کرنے یا پھر فیملی گیٹ ٹو گیدر کے دوران یہاں بیٹھنے کا پہلے سے انتظام موجود ہو۔ آوٹ ڈور فرنیچر کا انتخاب گھر کے اندرونی حصے میں موجود فرنیچر کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا جائے۔خوبصورت بالکونی ڈیزائننگ کیلئے درمیانے سائز کا ہلکا فرنیچر منتخب کریں۔
بالکونی میں باغبانی : بالکونی کی ڈیزائننگ کے دوران پودوں کا اضافہ کرتے ہوئے ایک خوبصورت، قدرتی اور خوشگوار احساس پیدا کیا جاسکتا ہے۔اپارٹمنٹس میں باغبانی کے شوقین افراد کیلئے بالکونی سے بہتر اور کوئی جگہ ہو ہی نہیں سکتی۔ خوبصورت اور مناسب سائز کے گملے بالکونی کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ان گملوں میں مختلف چھوٹے چھوٹے پودے اور پھول لگا لیں تو بالکونی کی خوبصورتی مزید بڑھ جائے گی ۔ اس کے علاوہ چھت پرچھوٹے گملے لٹکا کر ان میں خوشنما چھوٹے پھول لگائے جا سکتے ہیں ۔مزید برآں، بالکونی میں باہر کی طرف لوہے یا اسٹیل کی جالی لگا کر وہاں رنگ برنگے گملے رکھ کر آپ چھوٹے پھول پودے لگا سکتے ہیں، جو آپ کی بالکونی کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیں گے۔
ڈرپ ایریگیشن سسٹم : بالکونی میں پودوں کا اضافہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ یہاں پانی کا انتظام و انصرام بھی یقینی بنایا جائے۔اس حوالے سے پائپ کے ذریعے پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے، تاہم ان دنوں ماڈرن ہاوسنگ کنسٹرکشن میں بالکونی اور باغیچے کیلئے ڈرپ ایریگیشن سسٹم زیادہ مقبول ہے۔ڈرپ ایریگیشن سسٹم ایک صاف ستھرا اورآسان نظام ہے۔ روایتی طریقے میں پانی ضائع ہونے کے علاوہ مناسب وقت پر پودوں کو پانی دستیاب نہیں ہوتا جبکہ ڈرپ ایریگیشن سسٹم کے تحت تمام پودوں کو ایک ہی وقت میں پانی کی درست فراہمی ہو جاتی ہے۔
لائٹنگ : بالکونی ڈیزائننگ کے دوران لائٹنگ کی اہمیت کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ رات کے وقت بالکونی میں اندھیرا بے حد بْرا محسوس ہوتا ہے۔لہٰذا بالکونی کیلئے صحیح اور مناسب روشنی کا انتخاب کریں۔اس بات کا خیال رکھیں کہ بالکونی بہت زیادہ روشن محسوس نہ ہو، چھوٹے یا درمیانے سائز کے بلب سے نکلنے والی دودھیا روشنی آپ کی بالکونی کو بہت خوبصورت ماحول فراہم کرے گی اور دور سے دیکھنے والے اس جدید وضع کی بالکونی کو دیکھ کر متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔