ریاستی وزیر کملاکر کورونا علاج پر توجہ دیں۔ ایٹالہ راجندر
حیدرآباد۔ سابق وزیر صحت ای راجندر نے کریم نگر سے تعلق رکھنے والے وزیر بہبودی پسماندہ طبقات جی کملاکر کو مشورہ دیاہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کریم نگر میں کورونا متاثرین کی مدد پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کورونا کی صورتحال ضلع میں سنگین ہے باوجود اس کے ریاستی وزیر کریم نگر بالخصوص حضورآباد سے تعلق رکھنے والے سرپنچوں، ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور دیگر مجالس مقامی کے نمائندوں کو دھمکارہے ہیں۔ یہ نمائندے دراصل راجندر کے حامی ہیں۔ راجندر نے الزام عائد کیا کہ جی کملاکر جھوٹے مقدمات کی دھمکی دیتے ہوئے ان کے حامی مقامی نمائندوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کی جانب سے حضورآباد کے عوامی نمائندوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ راجندر کے خلاف بیانات جاری کریں۔ عوامی نمائندوں کو ترقیاتی کاموں کے بلز جاری نہ کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ جی کملاکر نے حضور آباد اور جمی کنٹہ میونسپلٹیز کے صدورنشین اور ارکان کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں کو راجندر کی تائید کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔ راجندر نے کہا کہ ریاستی وزیر کو گھٹیا سیاست کرنے کے بجائے کورونا مریضوں کی مدد کرنے پر توجہ مرکوزکرنی چاہیئے۔