حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نظام دور کی مارکٹ ، میر عالم منڈی کی حالت کو بہتر بنانے اور اسے ترقی دینے ہیرٹیج جہدکاروں کے مطالبہ کے برسوں بعد قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اب 10.50 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے میر عالم منڈی کی حالت کو بہتر بنانے اور اس کی ترقی کے کام شروع کئے جائیں گے ۔ تیسرے نظام سکندر جاہ کے وزیراعظم میر عالم کے نام سے موسوم میر عالم منڈی 200 سال سے زیادہ قدیم ہے ۔ حالانکہ پانچ ایکر کے اس تاریخی مقام سے کوئی 40 تا 50 اسٹور اونرس اور 300 وینڈرس بزنس کررہے ہیں تاہم مارکٹ کے باب الداخلہ پر کمان کے ٹکڑے گرنے کی وجہ یہاں سنگین خطرہ لاحق ہے ۔ اس کے علاوہ شاپس کے اوپر کے شیٹس گررہے ہیں ۔ قبل ازیں اپریل میں ، محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے اسٹور اونرس کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تھا ۔ جس کی صدارت حیدرآباد کے ایم پی اسد الدین اویسی نے کی تھی تاکہ اس مارکٹ کے لیے ڈیزائن کو قطعیت دی جائے ۔ ذرائع کے مطابق میر عالم منڈی کی تاریخی عظمت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے اس کی تزئین نو اور بحالی کے کام کئے جائیں گے اور اس کے مرمتی کام اور تزئین نو کے کام انجام دینے کیلئے بڈس طلب کئے گئے ہیں ۔ منتخب ایجنسی کو معاہدہ پر دستخط کی تاریخ سے 18 مہینوں میں اس کے کام مکمل کرنے ہوں گے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس کے مرمتی اور تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں جو اہم کام ہوں گے ۔ ان میں موجودہ عمارتوں کا انہدام ، ایکسٹرنل واٹر سپلائی کے انتظامات ، بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے نالوں کی تعمیر ، ایل ای ڈی لیمپس کے ساتھ لیمپ یوسٹس لگانا ، انٹرنل سمنٹ ۔ کانکریٹ روڈ کی تعمیر ، 400kva ٹرانسفارمر کی تنصیب ، ایک پاور یارڈ کا قیام ، اسٹریٹ ڈسٹ بنس کی فراہمی اور ایک انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم اور دیگر سہولتیں شامل ہیں ۔۔