میٹرو ریل کو خسارہ سے بچانے کیلئے حکومت تعاون کرے گی

,

   

چیف منسٹر سے میٹرو ریل عہدیداروں کی ملاقات، حکومت کو سفارشات پیش کرنے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا قیام

حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے سبب خسارہ کا سامنا کرنے والے حیدرآباد میٹرو ریل کو تلنگانہ حکومت نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پرگتی بھون میں ایل اینڈ ٹی کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ملاقات کی اور کمپنی کے نقصانات کی پابجائی کیلئے حکومت سے تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے ایل اینڈ ٹی میٹرو کو حکومت کی جانب سے امداد کے طریقہ کار اور خد و خال طئے کرنے کیلئے عہدیداروں کی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کی بنیاد پر حکومت امدادی پیاکیج کو منظوری دے گی ۔ واضح رہے کہ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے دوران کئی ماہ تک میٹرو سرویس بند رہی جس سے کمپنی کو بھاری نقصان ہوا ۔ لاک ڈاؤن کی برخاستگی کے بعد سرویس بحال کی گئی لیکن مسافرین کی تعداد حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ کمپنی کے عہدیداروں نے کئی مرتبہ حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے خسارہ کی پابجائی کی درخواست کی تاکہ میٹرو پراجکٹ کو مالیاتی بحران سے بچایا جاسکے۔ عہدیداروں نے بھاری نقصانات کے علاوہ بینک قرضہ جات اور دن بدن سود میں اضافہ کے اعداد و شمار پیش کئے۔ کمپنی کو خسارہ اور بحران سے بچانے کیلئے حکومت سے امداد کی اپیل کی گئی۔ اجلاس میں ریاستی وزراء محمود علی ، پرشانت ریڈی ، ارکان مقننہ باجے ریڈی گوردھن ، سریندر ، مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار، اروند کمار ، نرسنگ راؤ ، رام کرشنا راؤ ، ایل اینڈ ٹی کے ایم ڈی سبرامنیم ، این وی ایس ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے میٹرو خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی میں میٹرو اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ مستقبل میں میٹرو خدمات میں توسیع کی ضرورت رہے گی ۔ کورنا وباء کے حالات میں میٹرو کے قرض اور سود میں اضافہ تشویش کا باعث ہے ۔ سرکاری دیگر محکمہ جات کو بھی نقصان ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میٹرو ریل کے تحفظ کے لئے حکومت اقدامات کرے گی ۔ نقصانات سے ابھار کر دوبارہ پٹری پر لانے کیلئے حکومت جو کچھ بھی قدم اٹھا سکتی ہے اس کا جائزہ لے گی ۔ میٹرو کے تحفظ کیلئے مختلف امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی ، مشیر اعلیٰ راجیو شرما ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، نرسنگ راؤ ، رام کرشنا راؤ، اروند کمار ، جیش رنجن شامل ہیں۔ کمیٹی اپنی رپورٹ جلد پیش کرے گی۔ R