میں نے 40 سال قبل قرآن حفظ کیا تھا : مرحوم محمد مرسی

,

   

قاہرہ ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرحوم محمد مرسی نے اپنے انتقال سے کچھ عرصہ قبل یہ شکایت کی تھی کہ انہیں جیل کی کوٹھری میں قرآن مجید فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔ شاید یہ لوگ (جیل حکام) نہیں جانتے کہ میں حافظ قرآن بھی ہوں اور 40 سال قبل ہی قرآن مجید حفظ کرلیا تھا۔ میں صرف قرآن مجیدکو اپنے ہاتھوں سے چھونا اور اپنی آنکھوں سے لگانا چاہتا تھا۔

محمد مرسی: مصر کے پہلے منتخب جمہوری صدر جن کا تختہ الٹ دیا گیا
قاہرہ ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) محمد مرسی جمہوری طور پر منتخب ہونے والے مصر کے پہلے صدر تھے لیکن صرف ایک ہی برس کے بعد تین جولائی سنہ 2013 کو فوج نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔فوج کے اس اقدم سے پہلے محمد مرسی کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو چکے تھے تاہم انھوں نے فوج کے اس الٹی میٹم کو ماننے سے انکار کر دیا تھا کہ سنہ 2011 میں حسنی مبارک کو اقتدار سے الگ کیے جانے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والے سب سے بڑے سیاسی بحران کو جلد از جلد حل کیا جائے۔تختہ الٹ دیے جانے کے بعد چار ماہ تک محمد مرسی کو نامعلوم مقامات پر قید رکھا گیا اور پھر ستمبر سنہ 2013 میں حکومت نے اعلان کیا کہ اب ان پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔حکومت کا الزام تھا کہ محمد مرسی نے اپنے حامیوں کو صحافی اور حزب مخالف کے دو رہنماؤں کو قتل کرنے پر اکسایا اور کئی دیگر افراد کو غیر قانونی طور پر قید کیا اور ان پر تشدد کروایا تھا۔حکومت نے یہ الزامات صدارتی محل کے باہر ہونے والے ان ہنگاموں کی بنیاد پر عائد کیے تھے جن میں اخوان المسلمین کے کارکنوں اور حزب مخالف کے مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا تھا۔