نئی دہلی ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آج کل سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے اعلیٰ سطحی عہدیدار ایک خصوصی پونئنٹ طیارہ سے ویسٹ انڈیز جانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ لیکن کیوں؟ اعلیٰ سطحی سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ ’’اعلیٰ سطحی‘‘ معاشی مجرمین کو ویسٹ انڈیز سے واپس لایا جائے گا جس کے لئے ایئر انڈیا کے ایک بوئنگ طیارہ کو اس مشن کے لئے استعمال کیا جائے گا جس میں سی بی آئی اور ای ڈی کے عہدیدار ویسٹ انڈیز پہنچ کر مجرمین کو ہندوستان واپس لائیں گے۔ کیریبین کے متعدد جزیری ممالک پیڈ سٹیزن شپ پروگرام کی پیشکش کرتے ہیں اور اس متنازعہ پروگرام سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے کئی مجرمین جیسے میہول چوکسی اور جتن مہتہ نے ان جزیری ممالک کی شہریت حاصل کرلی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہتہ سینٹ کٹس اور نیویز کے شہری بن چکے ہیں۔ انہوں نے کچھ سال پہلے شہریت حاصل کرلی تھی جبکہ حالیہ دنوں میں چوکسی نے اینٹگوا اور بربوڈا کی شہریت حاصل کی۔ یہ جزیری ممالک 132 ممالک کو ویزا فری (بغیر ویزا) سیاحت کی اجازت دیتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ہندوستانی معاشی مجرمین کے درمیان شہریت بذریعہ سرمایہ کاری کافی مقبول ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چوکسی اور مفرور ملزم نیرو مودی نے شہریت بذریعہ سرمایہ کاری سے بہت فائدہ اٹھایا اور حکومت ہند بھی فی الحال ان دونوں پر ہی نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ نیرو مودی بھی ان ہی جزیری ممالک میں سے کسی ایک کا شہری ہے یا نہیں؟
چوکسی کو تو کیریبین میں دھرلیا جائے گا تاہم جہاں تک نیرو مودی کا سوال ہے تو اسے واپسی میں گھیرنے کا پروگرام ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس نے یوروپ میں کہیں روپوشی اختیار کی ہے۔ یاد رہے کہ غیر قانونی طور پر بے حد امیربن جانے والے ہندوستانی لوگوں کے لئے ہند۔ ویسٹ انڈیز کے درمیان حوالگی مجرم معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے جزیری ممالک محفوظ پناہ گاہ بن گئے ہیں۔ دیگر ممالک جیسے گرینڈا، سینٹ لوشیا اور ڈومینیکا میں بھی اسی نوعیت کا یعنی شہریت بذریعہ سرمایہ کاری پروگرام کا طریقہ رائج ہے۔ ڈومینیکا اور سینٹ لوشیا شہریت اور کارکرد پاسپورٹ کی فیس صرف 1,00,000 ڈالرس وصول کرتے ہیں جو مفرور ہندوستانی مالدار مجرمین کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ان کے نزدیک یہ رقم محض ’’ریزگاری‘‘ ہے۔ اگر آپ کی بیوی یا شوہر کو بھی اسی نوعیت کا پاسپورٹ چاہئے تو پھر سینٹ لوشیا میں اس کی فیس 165,000 ڈالرس اور ڈومینیکا میں اس کی فیس 175,000 ڈالرس وصول کی جاتی ہے۔ دریں اثناء گرینڈا میں اسی نوعیت کے پاسپورٹس کے لئے 200,000 ڈالرس کی فیس وصول کی جاتی ہے۔