م2019 میں چار مینار کی سیاحت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

   

12 لاکھ 24 ہزار 515 افراد نے بالائی منزل تک پہونچ کر تصویر کشی کی
حیدرآباد۔31ڈسمبر(سیاست نیوز) سال 2019 کے دوران 12لاکھ 24ہزار 515افراد نے تاریخی چارمینار کی سیاحت کی اور چارمینار کی بالائی منزل پر پہنچ کر تصویر کشی کی ہے۔ محکمہ آرکیالوجی کے عہدیدارو ںکے مطابق سال 2019 کے دوران تاریخی چارمینار کی سیاحت کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کام کے ایام میں یومیہ 4000 افراد اور تعطیلات کے دوران یومیہ 5000 افراد تاریخی چارمینار کی سیاحت کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی تاریخی مرکز پر بیرونی سیاحوں کی تعداد کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ سال 2019 کے دوران 9300 غیر ملکی سیاحوں نے چارمینات کی سیاحت کی ہے اور چارمینار کی سیاحت سے محکمہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو جملہ 33لاکھ 42ہزار875 کی آمدنی ہوئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ سال کے دوران سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاریخی چارمینار کی آہک پاشی اور تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں محکمہ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ ان کاموں کی تکمیل کے بعد سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ کے امکانات ہیں اورلوگوں میں چارمینار کے اوپر سے شہر کا مشاہدہ کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہاہے ۔ چارمینار کے دامن میں کھڑے ہوکر تصویر کشی سے زیادہ اب سیاح چارمینار کی پہلی منزل سے شہر کی تصویر کشی پر توجہ دے رہے ہیں کیونکہ پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں چارمینار کی ہر جانب راستہ مسدود کئے جانے کے سبب بہ آسانی سیاحوں کو حمل و نقل اور تصویر کشی کی سہولت حاصل ہو رہی ہے اور چارمینار کے مشاہدہ کے لئے پہنچنے والے اب چارمینار کے دامن میں کافی وقت گذار رہے ہیں۔محکمہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ آئندہ برس کے وسط سے قبل چارمینار کے تزئین اور آہک پاشی کے کاموں کو مکمل کرتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات مکمل کرلئے جائیں گے ۔ شہر حیدرآباد کے اس تاریخی تہذیبی ورثہ کے اطراف جاری کاموں کی تکمیل کے بعد چارمینار کی سیاحت کیلئے پہنچنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ فی الحال پارکنگ اور دیگر دشواریوں کے سبب سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا لیکن سال گذشتہ کے اعتبار سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔