م26/11 میں بچ جانے والے یہودی بچے کیلئے مودی کا پیغام

   

یروشلم ۔ 2 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں 26/11 کے دہشت گرد حملوں میں اس وقت جو یہودی بچہ صرف دو سال کا تھا، اس کے لئے وزیراعظم نریندر مودی نے دل چھولینے والا ایک پیغام روانہ کیا ہے اور کہا ہے کہ موشے (بچے کا نام) کی زندگی کی کہانی کسی کرشمے سے کم نہیں جس سے آج بھی لوگوں کو تحریک حاصل ہورہی ہے ۔ موشے ہولز برگ کے والدین پاکستانی دہشت گردوں کے حملے میں اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب انہوں نے نریمان ہاؤس پر حملہ کیا تھا ۔ موشے اپنے والدین کی نعشوں کے درمیان کھڑے ہوکر رو رہا تھا اور اس وقت نچلی منزل کے ایک کمرہ میں چھپی ہوئی موشے کی نگرانکار (نینی) سینڈرا سیموئلس نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بچایا تھا اور دہشت گردوں کی نظروں میں آئے بعیر اس نے موشے کو جس طرح اپنے سینے سے چمٹالیا تھا ، وہ منظر ساری دنیا میں وائرل ہوگیا تھا ۔ موشے 26/11 کے بعد یروشلم منتقل ہوگیا تھا اور آج اس کی عمر 13 سال ہے ۔ مودی کے پیغام کو ہندوستان کے سفیر متعینہ اسرائیل سنجیو شنگلا نے پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے (مودی) یہ بھی تحریر کیا تھا کہ ممبئی حملوں کے تمام خاطیوں کو ہلاک کردیا گیا تھا اور بچ جانے والے دہشت گرد اجمل قصاب پر مقدمہ چلا کر پھانسی دی گئی تھی۔