حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) ملک میں مردم شماری کی تکمیل کے بعد تلنگانہ اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ یقینی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ تلنگانہ اسمبلی کی موجودہ 119 نشستیں بڑھ کر 153 ہوجائیں گی۔ نئی مردم شماری کی آبادی کے مطابق اسمبلی حلقہ جات کی نئی حدبندی کی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ 31 ڈسمبر تک دیہات، منڈل ، میونسپلٹی اور ضلع کی سرحدوں کا تعین کرتے ہوئے مرکز کو رپورٹ روانہ کریں۔ 31 ڈسمبر کی حدود کے مطابق مردم شماری کی جائے گی اور اسی کی بنیاد پر اسمبلی حلقہ جات کی حد بندی ہوگی اور اسمبلی نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2027 میں ریاست کی آبادی چار کروڑ تک پہنچ سکتی ہے اور ایک حلقہ میں آبادی 2.71 لاکھ ہوجائے گی۔ اس میں 10 فیصد اضافہ یا کمی کے ساتھ اسمبلی حلقہ جات کا تعین کیا جائے گا۔ 2009 میں حلقہ جات کی از سر نو حد بندی کے وقت ورنگل ضلع کی ایک اسمبلی نشست میں کمی آئی تھی۔ مجموعی 13 نشستیں گھٹ کر 12 ہوگئی تھیں۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش میں بھی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ ہوگا۔تشکیل تلنگانہ کے بعد سے اسمبلی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔1