ایچ ایم پی وی خطرناک وائرس نہیں‘ عالمی ادارہ صحت نے بھی مہلک قرار نہیں دیا
حیدرآباد۔8۔جنوری(سیاست نیوز) چین میں دہشت پیدا کرنے والے ایچ ایم پی وی وائرس کے مریضوں کی شہر حیدرآباد میں شناخت کے ساتھ ہی محکمہ صحت نے چوکسی اختیار کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے گاندھی ہاسپٹل میں 40 بستروں پر مشتمل قرنطینہ کے مرکز کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ان مریضوں کو قرنطینہ کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ چین میں ایچ ایم پی وی وائرس کے پائے جانے کے بعد ظاہر کئے جانے والے خدشات میں کہا جا رہاتھا کہ یہ وائرس تیزی کے ساتھ پھیل سکتا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں حیدرآباد میں ایچ ایم پی وی کے 11 مریضوں کی نشاندہی کے بعد گاندھی ہاسپٹل میں قرنطینہ کے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی محکمہ صحت کو جاری ہدایات کے بعد گاندھی ہاسپٹل انتظامیہ نے ایچ ایم پی وی متاثرین کے علاج کیلئے علحدہ خصوصی انتظامات کا آغاز کردیا ہے اور ہاسپٹل میں موجود عملہ کو خصوصی تربیت کی فراہمی کے علاوہ وائرس کے پھیلنے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گاندھی ہاسپٹل کو ایچ ایم پی وی کے علاج ومعالجہ کیلئے نوڈل ہاسپٹل بنانے کی منصوبہ بندی شروع کردی گئی ہے ۔ 40بستروں کے قرنطینہ مرکز سے متعلق حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں 20 بستر مردوں کے علاوہ 5 بستر خواتین اور 15بستر بچوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ڈاکٹرس نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق اس قرنطینہ کے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ ایچ ایم پی وی وائرس کو ئی خطرناک وائرس نہیں ہے اور نہ ہی اسے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مہلک قرار دیا گیا ہے لیکن وائرس کے سبب ہونے والی علامات کے متعلق شعور بیداری کو یقینی بناتے ہوئے ان سے احتیاط کی تدابیر کے متعلق عوام کو واقف کروایا جانے لگا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل کو نوڈل ہاسپٹل کے طور پر قائم کئے جانے کے منصوبہ کے ساتھ ہی دواخانہ میں جملہ 600 آکسیجن بستر‘ 450 وینٹیلیٹرس‘ 400مانیٹرس ‘ 40ہزار کیلو لیٹر سیال آکسیجن اور مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران قائم کئے گئے آکسیجن پلانٹ کو کارکرد بنانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور فی الحال جو قرنطینہ کا مرکز قائم کیاگیا ہے وہ چوتھی منزل پر قائم کیاگیا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر بستروں کا اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پروفیسر راجکماری سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ کورونا وائرس وباء کے دوران جس طرح سے متاثرہ مریضوں کو شریک کرتے ہوئے علاج کے انتظامات کئے گئے تھے اسی پیمانے پر گاندھی ہاسپٹل میں ایچ ایم پی وی وائرس کے شکار مریضوں کے علاج کے لئے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ عوام میں کسی بھی طرح کا خوف و ہراس پیدا نہ ہوبلکہ وہ کسی بھی طرح کی علامات کی صورت میں دواخانہ سے رجوع ہوتے ہوئے اپنا علاج کرواسکیں۔3