نامور شاعر اور معلم اعجاز نبی کاریگر کے انتقال پر تعزیتی اجلاس

   

گلبرگہ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ممتاز سماجی خدمت گزار جناب اقبال باغبان کے صحافتی بیان کے بموجب گلبرگہ کے پڑوسی شہر شولاپورمیں اردو گھر شولاپور میں شولاپور کے نامور شاعر اور معلم اعجاز نبی کاریگر کی رحلت پر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی اردو گھر کے صدر سداشیو پڑدونے نے شرکت کی۔ تقریب کی صدار ت میر افضل نے کی۔ مرحوم کے فرزند جناب رضوان نے اپنی تقریر میں والد مرحوم کے اوصاف حمیدہ بیانکئیاور ان کی نصیحتوں کا ذکر کیا۔ رُکن اردو گھر ڈاکٹرہارون رشید باغبان نے مرحوم کی تعلیمی خدمات اور صدرمدرس کی خدمات کا اعتراف کیا ۔ اردو گھر کے ناظم کتب ساحر نداف نے پر نم آنکھوں سے مرحوم سے جُڑی اپنی ملاقات کا ذکر کیا ۔ ناظم اردو گھر راجا باغبان صاحب نے اپنی تقریر میں مرحوم کے ساتھ گزارے ہوے چند لمحات کا ذکر نہایت جذباتی لب ولہجے میں کیا۔ رُکن اُردو گھرمحمود نواز نے مرحوم سے اپنی طالب عملی یادیں تازہ کی ۔ اس درمیان مرحوم کے شاگرد پرنسپل ڈاکٹر سراج مومن کا تنزانیہ سے بھیجا گیا آوڈیو تعزیتی پیغام سُنا یا گیا۔ صدارتی تقری میں میر افضل نے مرحوم اعجاز نبی کاریگر کی شاہ کار حمد، تیرا لطف وکرم رہے تابہ دم ہم پہ ائے مالک دوجہاں، ترنم میں سنائی اور ان کی شاہکار نظم ”مزدور” موثر انداز میں پڑھ کر خراج عقیدت پیش کی بعدازاں مرحوم کے متعلق لکھی گئی اپنی تعزیتی نظم پیش کی ۔ رُکن اُردو گھر پروفیسرڈاکٹر محمد شفیع چوبدارنے تقریب کی نظامت کی اور رُکن اُردو گھر ڈاکٹر سُمیہ باغبان نے رسم شکریہ ادا کی۔ اس تقریب میں مرحوم کے اہل خانہ شہر شولاپور کے اساتذہ، شاعر و ادیب اور نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔