حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ اور محمد محمود علی کل 7 اکٹوبر کو نامپلی میں تعمیر کردہ انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب کیلئے تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔39 کروڑ کے مصارف سے1.45 لاکھ مربع فیٹ اراضی پر خوبصورت کامپلکس تعمیر کیا گیا جو تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز رہے گا۔ افتتاحی تقریب کے بعد ریاستی وزراء حج ہاوز نامپلی سے متصل زیر تکمیل کامپلکس کے تعمیری کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ حکومت نے کامپلکس کی تکمیل کیلئے 23 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ زیر تکمیل کامپلکس کے ابتدائی تین فلور اوپن رکھے جائیں گے تاکہ حج سیزن میں عازمین حج کے قیام کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ اس موقع پر حج ہاوز کے احاطہ میں تقریب منعقد ہوگی جس میں7 ہزار ائمہ و موذنین کو اعزازیہ اسکیم میں شامل کرتے ہوئے پروسیڈنگ جاری کی جائے گی۔ حکومت نے 7 ہزار درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے اسکیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔