جلسہ جشن عید میلادالنبیؐ سے علامہ سید شاہ محمد قادری ملتانی و علامہ تجمل حسین نورانی کے خطابات
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( راست ) معلم انسانیت رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے قبل عرب بلکہ ساری دنیا کی حالت اتنی خستہ اور خراب ہوچکی تھی کہ ہر طرف جہالت نے بُت پرستی کو جنم دیا تھا اور بُت پرستی کی لعنت نے ان کے انسانی دل و دماغ پر قابض ہوکر ان کو توہم پرست بنادیا تھا۔ اللہ تبارک تعالیٰ نے اپنے حبیب خاص رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا۔ جیسے ہی رحمت عالم ؐ کی تشریف آوری ہوئی عرب کے اُجڑے ہوئے دیار میں بہار آگئی اور رحمت عالم ؐ نے دنیا والوں کو محبت ، انس ، عفوودرگزر ، رہبری، اخلاص و ایثار ، تواضع و انکساری اور خدا پرستی کا ایسا درسِ عظیم دیا کہ ہر طرف لا الہ الا اللہ کی صدائیں بلند ہوگئیں۔ ان خیالات کا اظہار جھارکھنڈ کے مہمان مقرر حضرت علامہ تجمل حسین نورانی نے فیضان میلاد مصطفی کمیٹی مرتضی نگر یاقوت پورہ کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان جلسہ جشن میلادالنبی ؐ 5 اکٹوبر بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء جامع مسجد نقل میاں، مرتضیٰ نگر یاقوت پورہ سے کیا۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد علی شاہ حسینی قادری ملتانی کی قرأت سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں عبدالکریم رضوی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ نگران جلسہ حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی نے مہمان مقرر کا پرجوش استقبال کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی )، مولانا حافظ سید ظہور اللہ ( امام جامع مسجد نقل میاں )، جناب تجمل حسین ، جناب سید اعزاز محمد ، جناب سید طاہر حسین قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی نے شرکت کی۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں بے حیائی، بے شرمی اور بے راہ روی کے ساتھ بد عقیدگی امت مسلمہ کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔ جب تک منظم اور متحدہ کوشش نہ کی جائے گی معاشرہ کی اصلاح ناممکن ہے۔ مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی نے کہا کہ اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے اور قرآن حکیم بنی نوع انسانی کیلئے ہدایت کا عظیم پیغام ہے۔ اس کتاب میں اُبھرتے ہوئے ہر چیلنج کا جواب موجود ہے۔ آج کی دنیا اگر امن و سلامتی چاہتی ہے تو اسے چاہیئے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کو اپنائے۔ آج ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہماری نسلوں کو دینی تعلیم و اسلامی تربیت سے آراستہ کریں اور انہیں اعلیٰ اخلاق سے مزین کریں اور خصوصی طور پر جلوس میلاد میں نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ کوئی بھی غیر شرعی عمل نہ کریں۔ ناچنا، گانا، ڈی جے ، آتشبازی، آراش وغیرہ سے بچیں۔ درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جلوس میں شامل ہوں۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔