سیوان، 28 مئی (یواین آئی) جن سوراج کے معمار پرشانت کشور نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دو چار بدعنوان وزیر اور بدعنوان افسر حکومت چلا رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ریاست میں جرائم اور بدعنوانی اپنے عروج پر ہے ۔ پرشانت کشور نے چہارشنبہ کو یہاں پریس کانفرنس میں بہار میں بڑھتے جرائم اور آئے روز سڑکوں پر فائرنگ کے واقعات کو لے کر حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ بہار میں امن و قانون کی بگڑتی صورتحال کے لئے مسٹر کمار ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کمارکی پوزیشن ایسی نہیں ہے کہ وہ حکومت کی قیادت کرسکیں اور کوئی فیصلہ لے سکیں۔ حکومت کو ان کی کابینہ کے دو چار کرپٹ وزیر اور ان کے کچھ کرپٹ افسران چلا رہے ہیں جن کی عوام کے تئیں کوئی جوابدہی نہیں ہے جس کی وجہ سے ریاست میں جرائم اور بدعنوانی اپنے عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بہار میں الیکشن ہیں، اس لیے ہم وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی انتخابی مہم بہار کے غریب عوام کے پیسوں سے نہ کریں۔ انہوں نے مودی سے سوال کیا کہ گجرات کو گفٹ سٹی، سولر پلانٹ، بلٹ ٹرین اور بہار کو شرمک ٹرین دی جاتی ہے ، ایسا امتیاز کیوں؟ انہوں نے کہا کہ جب تک بہار میں کارخانے نہیں لگتے ، ہمارے نوجوان ان ٹرینوں میں بیٹھ کر مزدوری کرنے کے لیے دوسری ریاستوں میں جانے پر مجبور ہیں۔ وہ بتائیں کہ بہار میں کب فیکٹریاں لگیں گی، بند شوگر ملیں کب شروع ہوں گی۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے مسٹر مودی سے سوال کیا کہ سال 2015 میں آرا کی ریلی میں بہار کے لئے ایک لاکھ 25 ہزار کروڑ کے پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان کے اعلان کو 10 سال ہو چکے ہیں۔ مودی بتائیں کہ انہوں نے رقم بھیجی یا نہیں اور اگر رقم بھیجی تو اس کے بارے میں بتائیں۔