پٹنہ۔ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے تعلق سے 72گھنٹوں میں اپنے موقف کا اظہار کرنے کے لئے بہار حکومت کو دئے گئے الٹی میٹم کے بعد‘ اپوزیشن قائد ایوان مقننہ تیجسوی یادو کی چہارشنبہ کے روز چیف منسٹر نتیش کمار سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر اس معاملے میں بات چیت کے لئے ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی رات میں خود تیجسوی یادو نے چیف منسٹر سے ملاقات کرنے کے لئے اجازت مانگی تھی۔ ایک گھنٹہ طویل بند کمرے میں نتیش کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد تیجسوی کا تیور کم جارحانہ دیکھائی دے رہے تھے۔
انہو ں نے کہاکہ ”میں نے نتیش جی سے ملاقات کی انہوں نے بہت جلد ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرنے کا بھروسہ دلایاہے۔ انہو ں نے یہ بھی کہاکہ بہت جلد پٹنہ میں کل جماعتی اجلاس طلب کیاجائے گا اور اس کے بعد ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کا اعلان کیاجائے گا“۔
مذکورہ آر جے ڈی لیڈر نے یہ بھی کہاکہ نتیش کمار ذات پات کی بنیاد پرمردم شماری کی حمایت میں ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائدین جیسے جگانند سنگھ‘ عبدالباری صدیقی اور شیام راجک کے ساتھ ہونے کے باوجود تیجسوی یادو اس ملاقات کے لئے تنہا گئے تھے۔
اسی طرح جب چیف منسٹر نتیش کمار نے ملاقات بی جے پی قائدین سے ہوتی ہے اس کے اپنے جے ڈی یو قائدین جیسے وجئے چودھرے‘ للن سنگھ اور دیگر سینئر قائدین ان کے ہمراہ ہوتے ہیں۔
ایسے موقع پر کسی کو بھی اس بات کا اندازہ نہیں ہے کہ ان دونوں قائدین کے مابین کیا سیاسی ترتیبات چل رہے ہیں۔ اس بھروسہ کے بعد تیجسوی نے فی الحال کے لئے اپنا پدیاترا کوچھوڑ دیاہے۔