ندیوں کے نام پر صرف سیاست کرنے کابی جے پی پر الزام: اکھلیش یادو

   

لکھنؤ:05جون(یواین آئی) موسمیاتی عدم توازن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی ندیوں پر صرف سیاست کرتی ہے اور یوم ماحولیات اور گنگا دشہرہ پر بی جے پی حکومت کا کام صرف اشتہارات میں جھلکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ندیاں زندگی دیتی ہیں، کسی کی جان نہیں لیتیں۔ بی جے پی حکومت صرف گنگا جمنا یا گومتی پر سیاست کرتی ہے ۔ دریا کی صفائی کے بجائے اس کا مقصد فنڈز کا صفایا کرنا ہے ۔ بی جے پی ندیوں کے نام پر دھوکہ دینے میں بھی ماہر ہے ۔ نمامی گنگا اسکیم میں بہت زیادہ کرپشن ہواتھا۔ کروڑوں روپے کا بجٹ ضائع ہوا، پھر بھی ماں گنگا کی صفائی نہیں ہوئی۔ نمامی گنگا اسکیم محض نعرہ بن کر کہیں چلی گئی۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں 100 سے زیادہ چھوٹی اور معاون ندیوں کا وجود خطرے میں ہے ۔ لکھنؤ شہر کا فخر، گومتی ندی کو آدی گنگا کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ اس کی خراب حالت اور بدبو کے پیچھے بی جے پی حکومت کی نظر انداز کرنے کی پالیسی ہے ۔ باغپت میں یمنا میں ہزاروں مچھلیاں مردہ پائی گئی ہیں۔یادو نے کہا کہ جہاں تک ماحولیاتی تحفظ کا سوال ہے ، بی جے پی حکومت اسے کوئی اہمیت نہیں دیتی ہے ۔