مختلف تنظیموں کی تہنیتی تقریب، بلامقابلہ منتخب ٹی این جی اوز صدر کا خطاب
نظام آباد۔ 8 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں خدمات انجام دینے والے تمام سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نو منتخب بلا مقابلہ ضلع نظام آباد ٹی این جی اوز صدر این سمن کمار نے آج شام سید نجیب علی ایڈوکیٹ و سینئر قائد کانگریس کی صدارت میں ان کے دفتر واقع احمدی بازار میں نظام آباد کے مختلف تنظیموں کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے این سمن کمار کا معززین شہر و منتخب ملی سماجی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداروں کا تعارف کروایا۔اس موقع پر جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے کہا کہ این سمن کمار ایک سیکولر نظریات کے حامل شخصیت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ این سمن کمار کو ضلع نظام آباد کے دس ہزار سے زائد سرکاری ملازمین نے متفقہ طور پر انہیں ضلع نظام آباد کا ٹی این جی اوز صدر کے طور پر منتخب کیا ہے جو ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ این سمن کمار نے سید نجیب علی ایڈوکیٹ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نظام آباد سے ان کا تبادلہ ضلع عادل آباد عمل لایا جارہا تھا تاہم ان کے محکمہ سے تعلق رکھنے والی ایک مسلم بہن فرحت النساء نے سمن کمار کو نظام آباد میں خدمات انجام دینے اور انہیں عادل آباد کے لئے تبادلہ کئے جانے کی حکومت سے درخواست کی تھی جس کے باعث وہ نظام آباد میں خدمات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرحت النساء کا تعاون حاصل نہ ہوتا تو شائد صدر ضلع ٹی این جی اوز کے عہدے پر فائز نہیں ہوسکتے تھے۔ اس اجلاس کوضلع جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز ایم شیکھر،مولانا کریم الدین کمال، محمد وجہہ اللہ ، خواجہ صفدر علی، شیخ حسین جماعت اسلامی، سینئر صحافی محمد یوسف الدین خان،نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے این سمن کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں ایم اے قیوم این آر آئی نثار احمد ، ڈاکٹر اختر احمد خان، محمدافتخار الدین این آر آئی،سمیر احمد ، ایم اے مقیت، محمد عبد الحلیم قمر، ایم اے قیوم قائد کانگریس، محمد مختار احمدجیپ اونرس اسوسی ایشن، محمد سعد اللہ ، عزیز الدین انیس درپلی، محمد یونس، سید مظہر علی ریٹائرڈ انجینئر کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں معززین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شیخ حسین جماعت اسلامی نے بزبان تیلگو میں سیرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک کتاب مطالعہ کے لیے سمن کمار کو بطور ہدیہ پیش کیا۔ سمیر احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔